|

وقتِ اشاعت :   December 6 – 2018

سبی: آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل سیدفیاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن کا کریڈٹ صرف ایف سی نہیں بلکہ صوبے کے غیورعوام کو جاتا ہے،قیام امن کے لیے جہاں سیکورٹی فورسز نے قربانیاں دی ہیں وہاں پر عوام بھی پیچھے نہیں ہٹے ہیں۔

دشمن عناصر نوجوانوں کو بہکاکر مذموم عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں جسے کسی صورت کامیاب ہونے نہیں دیں گے،صوبے میں ایک بار پھر دہشت گرد سر اٹھانے لگے ہیں جنہیں سیکورٹی فورسز اور عوام مل کر کچل دیں گے،صوبے میں قیام امن سمیت تعلیم وصحت اور کھیل کے میدانوں میں بھی ایف سی بلوچستان کی خدمات کارہائے نمایاں ہیں، صوبے کے قبائل کا قیام امن میں کلیدی کردار رہا ہے ۔

ماضی میں قبائل کو آپس کے اختلافات میں الجھا کر عوام کے لیے ترقی کے راستے بند کرنے کی سازشیں کی جاتی تھیں،ایف سی بلوچستان کے عوام کے تقدس کو پامال ہونے کبھی نہیں دئے گی،صوبے میں ترقی اور امن کے نئے باب کا آغاز ہوچکا ہے عمائدین و معتبرین سیکورٹی فروسز کے ساتھ ہم آہنگی کو فروغ دئے کر ترقی کے اس عمل کو منزل تک پہنچائیں ۔

ان خیالات کا کا اظہار انہوں نے سبی کے ایک روزہ دورہ کے موقع پر سبی اسکاؤٹس ہیڈ کوارٹر میں قبائلی عمائدین و معتبرین منتخب نمائندوں اور سول و ایف سی کے آفیسران سے خطاب میں کیا۔

اس موقع پر سابق نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسہ،رکن قومی اسمبلی نوابزادہ شاہ زین بگٹی،سابق نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نواب غوث بخش خان باروزئی،سیکٹر کمانڈر ایسٹ برگیڈئیر ذوالفقارباجوہ،رکن قومی اسمبلی نوابزادہ خالد خان مگسی،کمشنر سبی ڈویژن سید فیصل آغا،ڈپٹی کمشنر سیدزاہد شاہ،کمانڈنٹ سبی اسکاؤٹس کرنل وقار احمد چوہدری،کرنل ضیاء اللہ ، سابق صوبائی وزراء میر صادق عمرانی ،میر اظہار خان کھوسہ،ملک خرم شہزاد،ڈسٹرکٹ چیئرمین ملک قائم الدین دہپال،میونسپل چیئرمین سردارزادہ میر حیربیار خان ڈومکی،میر علی مردان خان ڈومکی،سابق تحصیل ناظم میر اصغر خان مری،سابق چیئرمین حاجی محمد داؤد رند سمیت قبائلی عمائدین و معتبرین وسول و ایف سی کے آفیسران نے شرکت کی۔

قبل ازیں سبی پہنچنے پر آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل سید فیاض حسین شاہ کا ایسٹ کمانڈر برگیڈئیر ذوالفقار باجوہ ،کمشنر سبی ڈویژن سید فیصل آغا نے استقبال کیا،اس موقع پر سابق نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسہ نے آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل سید فیاض حسین شاہ کو بلوچی پگڑی پہنائی ۔

اس موقع پر اراکین قومی اسمبلی نوابزادہ شاہ زین خان بگٹی،نوابزادہ میر خالد خان مگسی ،سابق نگران وزیراعلیٰ بلوچستان نواب غوث بخش خان باروزئی نے آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل سید فیاض حسین شاہ سے استقبالیہ کلمات میں کہا کہ بلوچستان میں قیام امن کو ممکن بنانے کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے جس سے انحراف ممکن نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے قبائل اور سیکورٹی فورسزمیں ہم آہنگی مثالی ہے جس کے ذریعے صوبے میں امن و ترقی کی نئی راہیں ہموار ہورہی ہیں اس موقع پر آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل سید فیاض حسین شاہ نے کہا کہ دشمن عناصر ہمیں اندر سے کھوکھلا بنانے کی سازشوں میں مصروف ہیں جو ہماری نئی نسلوں کو بہکاوئے میں لاکر ان سے اپنے مذموم عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں جسے ناکام بنا دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ملک بلخصوص بلوچستان میں دہشت گرد ایک مرتبہ پھر سے سر اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں جسے صوبے کے غیور عوام کے ساتھ مل کر سیکورٹی فورسز ناکام بنا دئے گی انہوں نے کہا کہ صوبے میں قیام امن کے لیے سیکورٹی فورسز کا کردار ہمیشہ فقیدالمثال رہا ہے لیکن اس حوالے سے صوبے کے غیور اور محب وطن عوام کو نظرانداز کرنا زیادتی ہوگی ۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں قیام امن کا کریڈٹ صرف ایف سی بلوچستان کے سر نہیں جاتا ہے بلکہ عوام اور سیکورٹی فورسز کے درمیان بہتر کوارڈی نیشن اور ہم آہنگی کے بدولت ممکن ہوا ہے انہوں نے کہا بلوچستان میں ترقی و امن کے نئے باب کا آغاز ہوچکا ہے اور حالات ماضی کی نسبت کافی بہتر ہوچکے ہیں یہاں کے قبائلی عمائدین و معتبرین کو چاہیے کہ وہ ترقی وخوشحالی اور امن کے اس سفر میں ہمارے ہمسفر بن جائیں تاکہ نئی نسلوں کو بہتر مستقبل دئے سکیں ۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے قبائل کو ہمیشہ قبائلی اختلافات میں الجھا کر ترقی کو روکنے کی کوشش کی گئی لیکن ہماری کوشش رہے گی کہ صوبے میں آباد تمام قبائل کے آپس میں تعلقات خوشگوار اور بہتر ہوں تاکہ صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے ۔

انہوں نے کہا کہ ایف سی نے بلوچستان میں جہاں پر قیام امن کو ممکن بنایا ہے وہاں پر سماجی سرگرمیوں میں بھی کارہائے نمایاں انجام دیئے ہیں چاہے صحت کا شعبہ ہو یاپھر تعلیم کا شعبہ ہو عوام تک صحت و تعلیم کی سہولیات بہم پہنچانے میں کوشاں ہے جبکہ کھیلوں کا ذکر کیا جائے تو نوجوانوں کے صحت مند سرگرمیوں کے بہترین مواقع بھی فراہم کیئے جارہے ہیں ۔

تاکہ ہماری نئی نسل صحت مند سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے سکیں انہوں نے کہا کہ بہتر مستقبل کی خاطر نئی نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں تاکہ مستقبل قریب میں چیلنجز سے نبردآزما ہوسکیں۔