|

وقتِ اشاعت :   December 7 – 2018

تربت: ریٹرننگ افیسر PB47نے ضلع کیچ کے انتخابی حلقے کیچ iiiکے ضمنی الیکشن کاغیر حتمی نتیجہ جاری کردیا، بی اے پی کے لالہ رشید دشتی 1330ووٹوں کی برتری کے ساتھ کامیاب ۔ بی این پی کے میجر جمیل دوسرے نمبر اور نیشنل پارٹی کے حاجی فدا حسین دشتی تیسرے نمبر پر رہے۔

حتمی نتیجے کا اعلان الیکشن کمیشن آف پاکستان کرے گا۔ پی بی47کے ریٹرننگ افیسر نے ضلع کیچ کے انتخابی حلقہ کیچiiiکے تمام پولنگ اسٹیشنز کے نتائج آنے کے بعد جمعہ کی شام امیدواروں کی موجودگی میں غیر حتمی مگر سرکاری نتیجے کااعلان کرتے ہوئے بی اے پی کے امیدوار لالہ رشید دشتی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ 

الیکشن کمیشن کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بی اے پی کے امیدوار لالہ رشید دشتی نے 7088ووٹ لے کر ضمنی الیکشن میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ بی این پی کے میجر جمیل دشتی 5758ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر اور نیشنل پارٹی کے حاجی فدا حسین دشتی 3055 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے، آزاد امیدوار معتبر حاجی برکت رند نے 925ووٹ حاصل کیئے ۔ریٹرننگ افیسر کی جانب سے لالہ رشید دشتی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیاگیا جنہوں نے 1330ووٹوں کے ساتھ قریب تریں امیدوار پر برتری حاصل کی ہے۔

دریں اثناء لالہ رشید دشتی کی کامیابی کاسرکاری اعلان ہوتے ہی ان کے حامیوں کی جانب سے جشن منایاگیا۔ لالہ رشید دشتی کی رہائش گاہ میں ان کے حامی اور بی اے پی کے کارکنان سینکڑوں کی تعداد میں جمع ہوگئے جنہوں نے ان کے حق میں نعرہ بازی کی اور بھنگڑے ڈالے۔ انہوں نے رات گئے تک جشن منایا اور خوشی میں نعرہ بازی کرتے رہے۔