|

وقتِ اشاعت :   December 10 – 2018

کوئٹہ : بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ ورکن قومی اسمبلی سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ بلوچستان کے لوگ اقتدار کی نہیں اختیارات کی جنگ لڑ رہے ہیں ہمیں خیرات نہیں اپنے ساحل وسائل کااختیار دیا جائے ۔ 

صوبے کے لوگوں کے مسائل کو ہمیشہ نظرانداز کیا گیا ہے وزیراعظم بلوچستان کے مسائل حل نہیں کرسکتے تو اپنی بے بسی کا اظہار کردیں ۔عمران خان اگر ہمارے چھ نکات پر عملدرآمد نہ کراسکے تو یہ ہٹ وکٹ ہوگی ۔ گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل کو اپنے دیئے گئے ایک انٹرویو میں بی این پی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل کا کہنا تھا کہ عمران خان جب اقتدار میں نہیں تھے اس وقت بھی ہمارے یہ یہی چھ نکات تھے ۔ 

بلوچستان کے لوگ خیرات پر زندہ نہیں رہنا چاہتے ہیں انتخابات میں من پسند لوگوں کو کامیاب کروانے کیلئے صوبے کے حقیقی نمائندوں کو ڈرایا دھمکایا جاتا ہے ۔ماضی میں بلوچستان کے فنڈز کا ناجائز استعمال کیا گیا بلوچستان کے حالات پر لکھتے کالم نگاروں کے قلم کی سیاہی خشک ہوجاتی ہے مسائل حل نہیں ہوتے ۔ صوبے کے لوگوں کے مسائل کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا بلوچستان کے لوگوں کو انکے ساحل وسائل معدنی دولت پر اختیار دیا جائے پھر ہم کسی سے درخواست نہیں کرینگے ۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں ہونے والے انتخابات کے نتائج کو تبدیل کرکے من پسند لوگوں کو کامیاب کرایا جاتا ہے ملک میں جمہوریت کو اپاہج کیا جا رہا ہے بلوچستان کے مسائل تب واضح سامنے آئیں گے جب کوئی سنے گا۔ صوبے کو احساس محرومی سے نکالنے کے لئے اہم کردار حکومت نے ادا کرنا ہے ۔