نئی دلی: بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ 2020 کی پاکستان کو ملنے والی میزبانی پر اعتراض اٹھا دیا ہے۔
گزشتہ روز ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں ایشیا کپ 2020 کی میزبانی پاکستان کو دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا تاہم بھارتی خبر رساں ادارے کے مطابق اجلاس میں بی سی سی آئی حکام نے مطالبہ کیا کہ سکیورٹی مسائل کی وجہ سے پاکستان کو مقابلے کسی نیوٹرل وینیو پر کروانا چاہیے۔
دوسری جانب پی سی بی کا موقف ہے کہ سیکورٹی معاملات میں کافی بہتری آچکی، 2020 میں ایشیا کپ کے انعقاد تک حالات مزید بہتر ہونے کی امید ہے، اس لیے ایونٹ پاکستان میں ہی ہونا چاہیے۔
یاد رہے کہ بھارت نے رواں سال پاکستان ٹیم کی وجہ سے ایشیا کپ کی میزبانی سے انکار کر دیا تھا، بعدازاں مقابلے یو اے ای میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا، اب بی سی سی آئی حکام کا بھی مطالبہ ہے کہ پی سی بی ایشیا کپ کے مقابلے پاکستان کے بجائے کسی نیوٹرل وینیو پر کروائے۔