|

وقتِ اشاعت :   December 23 – 2018

کراچی: بھارت سے سافٹ بال سیریز دبئی یا نیپال میں کرانے کی تجویز پر اتفاق ہوگیا۔

سافٹ بال فیڈریشن آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل آصف عظیم نے ملائیشیا کے شہرکوالالمپور میں منعقدہ سافٹ بال ایشیا کی 24 ویں کانگریس میں شرکت کے بعد وطن واپسی کہا کہ سافٹ بال ایشیا کی جانب سے پاکستان میں کوچنگ کلینک کا انعقاد اپنی نوعیت کا پہلا انٹرنیشنل سافٹ بال ایونٹ ہوگا، اس کی میزبانی ہمارے لیے اعزازہے۔

آصف عظیم نے کہا کہ اگلے سال جولائی میں تھائی لینڈ میں شیڈول سافٹ بال ایشیا امپائرنگ کورس میں پاکستان کے امپائرز بھی حصّہ لیں گے جبکہ انڈونیشیا سافٹ بال ایسوسی ایشن نے اکتوبرمیں جکارتہ میں ہونے والی انڈونیشیا اوپن مینزسافٹ بال چیمپئن شپ میں پاکستانی ٹیم کوشرکت کی دعوت دی ہے۔

پاک بھارت مقابلوں کے حوالے سے آصف عظیم کاکہنا تھا کہ انڈین سافٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹرپراوین انوکر کے ساتھ تفصیلی بات چیت ہوئی ہے اور ابتدائی طور پر دونوں ممالک کے مابین سافٹ بال سیریز کو دبئی یا نیپال میں منعقد کرانے کی تجویزپر اتفاق ہوا ہے۔

آصف عظیم کامزیدکہنا تھا کہ کانگریس میٹنگ میں سافٹ بال ایشیا کی جانب سے پاکستان میں انٹرنیشنل ایونٹس کی بحالی سے متعلق مختلف تجاویزات بھی زیر بحث آئیں، سافٹ بال ایشیا کی صدر جنرل داتو لو بینگ چونے سافٹ بال کھیلنے والی ایشیائی ٹیموں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں اس کھیل کی ترقی اور فروغ کیلیے اپنی ٹیموں کو وہاں بھیجیں تاکہ پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنے ملک میں اپنے ہوم گراؤنڈ اورتماشائیوں کے سامنے انٹرنیشنل میچز کھیلنے کا زیادہ سے زیادہ تجربہ حاصل ہو۔

داتو لوبینگ چونے اس موقع پر پاکستان میں انٹرنیشنل ایونٹس کی بحالی کے سلسلے میں کی جانے والی ہر کوشش اور اقدام کیلیے سافٹ بال ایشیا کی جانب سے بھرپور کردار ادا کرنے اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔