اسلام آباد: برازیل کے فٹبال اسٹار کاکا اور پرتگال کے سابق کپتان لوئیس فیگو آئندہ ماہ پاکستان آئیں گے۔
لوئیس فیگو اور کاکا کو اپریل میں ہونے والے دوستانہ میچ کے حوالے سے اعلان کیلئے جنوری میں پاکستان آنا تھا لیکن انہیں ابتداء میں ویزہ کے حصول کیلئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پہلے ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا تھا کہ ویزا آفیسر ان دونوں فٹبالرز کو نہیں جانتا تھا جس کی وجہ سے ویزہ کی درخواست ہی واپس کردی تھی۔
تاہم بعد میں جیو نیوز سے گفتگو میں فواد چوہدری نے کہا کہ ویزہ درخواست مسترد نہیں ہوئی تھی صرف واپس ہوئی تھی اور دونوں کھلاڑیوں کو ایک دو روز میں ویزے جاری کیے جائیں گے۔
دونوں کھلاڑیوں کو پاکستان مدعو کرنے والی کمپنی کے نمائندے حسن راؤ نے جیو نیوز کو بتایا کہ فیگو اور کاکا اپریل میں نمائشی میچ کھیلیں گے، سکس اے سائیڈ میچ کیلئے اور بھی اسٹارز پاکستان آئیں گے جس کا اعلان بعد میں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں فٹبالرز کو جنوری میں پاکستان آنا ہے جس میں وہ اس مقابلے کی مزید تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔
حسن راؤ نے کہا کہ ٹاپ فٹبالرز کی آمد سے پاکستان کا مثبت امیج پوری دنیا میں جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال برازیلی فٹبالر رونالڈینو سمیت 7 انٹرنیشنل کھلاڑیوں نے پاکستان کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے کراچی اور لاہور میں نمائشی میچ کھیلے تھے۔