ڈھاکا: تیسرے ٹوئنٹی 20 میں بنگلہ دیشی امپائر تنویر احمد نے بے ایمانی کی انتہا کر دی۔
191 رنزکے تعاقب میں جانے والی بنگلہ دیشی ٹیم کے چوتھے اوور میں اوشین تھامس کی چھٹی گیند کو امپائر تنویر احمد نے نوبال قرار دیا،اس پر لٹن داس چھکا جڑنے کی کوشش میں مڈ آف پر کیچ ہوئے تاہم نوبال کی وجہ سے وہ آؤٹ ہونے سے بچ گئے۔
گراؤنڈ میں نصب بڑی اسکرین پر ری پلیز سے واضح ہوا کہ تھامس کے پاؤں کا بڑا حصہ لائن کے اندر تھا جس پر ویسٹ انڈین کھلاڑیوں نے احتجاج شروع کردیا۔
ڈریسنگ روم سے اشارہ دیا گیا کہ اسی اوور کی پانچویں گیند پر بھی نوبال کی غلط کال دی گئی تھی، جس پر کپتان کارلوس بریتھ ویٹ نے باہر جاکر فورتھ امپائر شرف الدولہ اور میچ ریفری جیف کرو سے بات کی، جنھوں نے انھیں بتایا کہ چونکہ وہ پہلے بڑی اسکرین پر ری پلے دیکھ چکے، اس لیے ریویو کی درخواست قبول نہیں ہوسکتی، قوانین کے تحت یہ نوبال اپنی جگہ رہے گی، جس پر انھوں نے واپس لوٹ کر ساتھیوں کو دوبارہ کھیل جاری رکھنے کو کہا جبکہ فری ہٹ پر سومیہ سرکار نے چھکا جڑ دیا۔
اسی اوور کی پہلی فری ہٹ پر بھی سکسر لگا تھا، اوور کے اختتام پر میزبان سائیڈ کا اسکور ایک وکٹ پر 61 رنز تھا تاہم پھر قدم ایسے اکھڑ ے کہ وہ 140 پر آؤٹ ہوگئی، کیمو پال نے 5 وکٹیں لیں، اس سے پہلے ویسٹ انڈین ٹیم 190 پر آؤٹ ہوئی جس میں لیوس کے 89 رنز نمایاں تھے۔