سنچورین ٹیسٹ میں پاکستانی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں بھی دھوکا دے گئی اور پوری ٹیم صرف 190 رنز پر آؤٹ ہوگئی، پہلی اننگز کے 42 رنز کے خسارے کی وجہ سے گرین کیپس نے جنوبی افریقا کو جیت کے لیے 149 رنز کا ہدف دیا ہے۔
اسپورٹس پارک سنچورین میں کھیلے جارہے ٹیسٹ کے محض دو روز میں مجموعی طور پر تیسری اننگز بھی مکمل ہوگئی، میزبان ٹیم کے بولرز نے شاندار بولنگ کی بدولت 190 رنز پر گرین کیپس کو آل آؤٹ کرکے پوری طرح میچ پر گرفت حاصل کرلی ہے۔
پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی قومی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام رہی، امام الحق 57 اور شان مسعود 65 کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی نہیں دکھاسکا، فخر زمان 12 ، اظہر علی صفر، اسد شفیق 6، بابر اعظم 6 اور کپتان سرفراز احمد پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی بغیر کوئی رنز بنائے چلتے بنے۔
سنچورین ٹیسٹ کا پہلا دن بھی انتہائی دلچسپ رہا جہاں دونوں ٹیمیوں کی بیٹنگ لائن مزاحمت کرتی دکھائی دی اور دوسرے دن کی طرح یہ دن بھی بولرز کے نام رہا، پاکستان کی جانب سے بابراعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 71 رنز کی اننگز کھیلی اور قومی ٹیم 181 رنز پر پویلین لوٹ گئی جب کہ پہلے دن کے اختتام تک جنوبی افریقا کی بھی آدھی ٹیم 127 رنز پر پویلین لوٹ گئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے امام الحق صفر، فخرزمان 12، شان مسعود 19 ، اسد شفیق 7 ،اظہرعلی 36، کپتان سرفراز احمد صفر، حسن علی 20 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ جنوبی افریقا کی جانب سے ڈیان اولیور نے 6، کگیسو رابادا نے 3 اور ڈیل اسٹین نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
واضح رہے میزبان ٹیم گزشتہ 100 سال میں کبھی بھی 150 سے کم ہدف کے تعاقب میں ناکام نہیں ہوئی اور سنچورین پروٹیز کا مضبوط قلعہ سمجھا جاتا ہے جہاں انہیں 18 میچوں میں صرف 2 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔