|

وقتِ اشاعت :   December 29 – 2018

کوئٹہ: بلوچستان پیس فورم کے چیئرمین سابقہ سینیٹر نوابزادہ حاجی میرلشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں جلد ہاکی کے مقابلوں کا انعقاد کرنے جارہے ہیں ۔ کوشش ہے نوجوانوں کی توجہ کھیلوں کی جانب مبذول کراکے ویران کھیلوں کے میدانوں کو دوبارہ سے آباد کریں ۔

خطے میں ہونے والے جنگ کے اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے نواجون نسل خود کو ذہنی فکر اور جسمانی طورپر تیار رکھیں ۔ گزشتہ روز آل پاکستان انٹرڈویژنل ریلوے ہاکی چیمپئین شپ کے اختتامی میچ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کا مزید کہنا تھا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیلئے اسپورٹس کی تنظیموں کو اپنا کردار ادا کرنا چائیے تاکہ نوجوان منفی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی بجائے صحت مند سرگرمیوں کا حصہ بنیں ۔ 

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں جلد ہاکی کے مقابلوں کا انعقاد کرنے جارہے ہیں حالیہ مقابلہ اس سلسلے کی ایک کڑی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے واحد اسپورٹس کمپلیکس ایوب اسٹیڈیم کی خستہ حالی کی وجہ غیرسنجیدہ عوامی نمائندے اورایسوسی ایشنزہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں سپورٹس سے متعلق پالیسیاں سیاسی جماعتیں وضع کرتی ہیں مگریہاں حقیقی نمائندوں کودیوارسے لگانے کیلئے نام نہاد لو گ منتخب ہوکرآتے ہیں یاانہیں منتخب کرایاجاتاہے جن کی توجہ صوبے کے نوجوانوں کی سیاسی وذہنی نشوونماپرنہیں بلکہ انہیں لانے والے لوگوں کے ایجنڈے کاآگے بڑھانے پرہے۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے نوجوانوں کو دہشتگردی ک کیمپوں کی بجائے کھیلوں کے میدانوں کی طرف راغب کریں۔ٹورنامنٹ کے اختتام پرنوابزادہ لشکری رئیسانی نے کھلاڑیوں میں انعامات اورشیلڈتقسیم کئے۔ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے مجموعی طورپر 7ٹیموں نے حصہ لیتے ہوئے بہترین کارکردگی کامظاہرہ کیا۔