تربت : نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ علمی بنیادوں کو مضبوط و مستحکم بنائے بغیر ہم برق رفتاری کے ساتھ جاری تغیرپزیر وقت و حالات کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ علم و ہنر، شعور، سائنس اور ٹیکنالوجی کی اس صدی میں انہی قوموں کو بقاء حاصل ہوگی جو اس صدی کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں گے، نیشنل پارٹی اس بات پر قائل ہے کہ علم، علم اور صرف علم ہی ہماری قومی بقاء و شناخت کا ضامن ہے یہی وجہ ہے کہ ہمیں جب بھی موقع ملا تو ایجوکیشن کی ترقی و ترویج ہی ہمارا مطمع نظر رہا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تربت کے مضافاتی علاقہ ناصر آباد کے تنظیمی دورہ کے دوران نیشنل پارٹی تحصیل ناصر آباد کی طرف سے منعقدہ نوجوانوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر رکن مرکزی کمیٹی ناظم الدین ایڈوکیٹ، ضلعی صدر محمد جان دشتی، ضلعی جنرل سیکریٹری حلیم بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ اجلاس میں پارٹی کارکنان اور نوجوانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل پارٹی بلوچستان کے قومی مفادات کی نگہبان جماعت ہے جبکہ بلوچستان کے طول و عرض میں ہزاروں کی تعداد میں کہنہ مشق و ذی شعور سیاسی کارکنان ہماری قومی جماعت کی ساتھ منسلک ہیں جو نہ صرف ایک قومی مقصد رکھتے ہیں بلکہ اس مقصد کے حصول کے ضمن میں گہری کمٹمنٹ اور وابستگی رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم پرستی کے فکر کے لیے یہ ضروری نہیں کہ آپ اپنے عوام کو قبل از وقت، غیر حقیقی اور بھاری آزمائش سے دوچار کریں اور نتیجہ کے طور پر سیاسی، تنظیمی، علمی و معاشی بنیادوں میں ضرر اور اخلاقی و قومی اقدار کی تنزلی کی صورت میں ناقابل تلافی نقصانات کا سامنا کریں۔
سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ہم اپنے عوام کی طاقت پر بھروسہ رکھتے ہیں، عوام کو سیاسی و شعوری طور پر منظم کرنے میں ہی قومی مقاصد کا حصول ممکن ہے۔
انہوں نے ناصر آباد اور نودذ میں مختلف معتبرین سے ملاقات کرکے علاقائی سیاسی معاملات پر تبادلہ خیال کیا جبکہ ناصر آباد میں محمد جان ولد مرزا نصرت اللہ کے انتقال پر ان کے اہل خانہ و عزیزوں سے تعزیت کی، نودز میں ملا حمید کے والد محترم کے انتقال پر ان کے ہاں تعزیت کی۔
ترقی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے ہمیں تعلیم کو بنیاد بنانا ہوگا،ڈاکٹر مالک بلوچ
وقتِ اشاعت : January 3 – 2019