|

وقتِ اشاعت :   January 5 – 2019

گوادر: کراچی یونیورسٹی کے پروفیسرز نامورملکی دانشوروں اور پروفیشنلز پر مبنی ایک وفد نے تربت یونیورسٹی کے گوادر کیمپس کا دورہ کیا۔ وفد میں ڈاکٹرناصرسلمان، ڈاکٹر محمد سعید، ڈاکٹرذیشان اسلم،ڈاکٹرفرحان احمد صدیقی، ڈاکٹر ندیم احمدخان اور ڈاکٹر ندیم محمود کے علاؤہ نامور ملکی پروفیشنلز اور دانشور شامل تھے۔ 

وفد نے مختلف کلاس روم،لائبریری اور کمپیوٹر لیب کے علاؤہ کیمپس کے مختلف حصے دیکھے۔اس سے قبل تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کی جانب سے گوادرکیمپس کے ڈائریکٹر اعجاز احمد بلوچ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ گوادر کیمپس آمد پر وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ 

بعد میں گوادر کیمپس کے ڈائریکٹر اعجاز احمد بلوچ نے مہمانوں کو تربت یونیورسٹی، گوادر کیمپس اور گوادر یونیورسٹی کے بارے میں بریفنگ دی۔اس موقع پر انچارج کمپیوٹر سائنس حفیظ اللہ مبارک اور انچارج شعبہ کامرس مجاھد حسین بھی موجود تھے۔ 

وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈائریکٹرگوادرکیمپس اعجاز بلوچ نے گوادر کیمپس کی دو سالہ کارکردگی کے علاؤہ گوادر یونیورسٹی کے قیام کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت سے متعلق مہمانوں کو آگاہ کیا۔

انہوں نے وفد کے ارکان کو بتایا کہ گوادر یونیورسٹی کا ایکٹ بلوچستان اسمبلی سے منظور ہو چکا ہے اور زمین کی بھی الاٹمنٹ ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت چار سو سے زائد طلبہ اور طالبات گوادر کیمپس میں زیر تعلیم ہیں اور گوادر کیمپس سے پہلا بیچ دسمبر 2018 میں فارغ التحصیل ہو چکا ہے۔ 

ملک کے اس دورافتادہ علاقے میں اعلی تعلیم کو فروغ دینے کیلئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور انکی ٹیم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے وفد کے ارکان نے امید ظاہر کی تربت یونیورسٹی اور گوادر یونیورسٹی سے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات علاقے میں ہونے والی ترقیاتی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کریں گے اور وہ ملک اور خصوصا اپنے صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

وفد نے گوادر کیمپس کے انتظامیہ کو یقین دلایا کہ گوادر کیمپس میں لیکچر پروگرام کے انعقاد، ٹریننگ ورکشاپ اور کانفرنس کے انعقاد کے علاؤہ دیگر اکیڈمک سرگرمیوں کے فروغ میں ہرممکن تعاون کریں گے۔ 

اس موقع ہے پروفیسر ڈاکٹر ناصرسلمان نے گوادر کیمپس کی لائبریری کے لئے سافٹ فارم میں ہزاروں کتابیں دینے کا اعلان کیا۔گوادر کیمپس کے ڈائریکٹر اعجاز احمد بلوچ نے اس علاقے میں اعلی تعلیم کے فروغ میں دلچسپی لینے اورتعاون کرنے کی پیشکش پر وفد کے ارکان کا شکریہ اداکیا۔