کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں ٹریفک حادثے میں دو افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 14افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیاگیا۔
لیویز کے مطابق حادثہ جمعرات کی صبح کوئٹہ سے تقریباً بیس کلو میٹر دور مستونگ کے علاقے دشت میں کوئٹہ سبی روڈ پر پیش آیاجہاں آلٹو کار ، مسافر ویگن اور ٹرک میں خوفناک تصادم ہوا۔ تصادم کے بعد مسافر ویگن ڈرائیور سے بے قابو ہوکر کھائی میں گر گئی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ آلٹو کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور اس میں سوار ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ ویگن میں سوار ایک مسافر کی بھی موت ہوئی جبکہ 14افراد زخمی ہوگئے۔
زخمیوں میں ایک سات سالہ بچی اور تین خواتین بھی شامل ہیں۔اطلاع ملتے ہی کوئٹہ سے امدادی ٹیمیں ، پولیس اور لیویز اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال کوئٹہ پہنچایا گیا جہاں سے زخمیوں کو مزید علاج کیلئے ٹراما سینٹر منتقل کردیا گیا۔چار زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
جاں بحق افراد کی شناخت ڈیرہ مراد جمالی کے رہائشی 35 سالہ غلام نبی شاہوانی اور جعفرآباد کے رہائشی 50سالہ محمد قاسم ولد عبدالقادر کے نام سے ہوئی۔ زخمیوں میں صائمہ، مراد بی بی، شاہینہ، حاجرہ،محمد گل، اختر علی ،سراج احمد، محمدا قبال،عبدالحق،عبدالحمید،ضیاء اللہ،محمد نواز، عبدالحمیداور گل بخش شامل ہیں۔زخمیوں کا تعلق کوئٹہ،جعفرآباداور نصیرآباد سے بتایا جاتا ہے۔
دشت ، تیرہ میل کے قریب ٹریفک حادثہ 2افراد جاں بحق ،14زخمی
![]()
وقتِ اشاعت : January 11 – 2019