|

وقتِ اشاعت :   January 11 – 2019

کوئٹہ: انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل فیاض حسین شاہ کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں امن کی بحالی کیلئے دہشتگردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن جاری رہے گا۔بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا عناصر ناکام ہوں گے۔

یہ بات انہوں نے ڑوب کے دورے کے موقع پر قبائلی عمائدین ، سول انتظامیہ اور بلدیاتی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ آئی جی ایف سی کو دورے کے موقع پر ایف سی ژوب ملیشیا ء ہیڈ کوارٹرز میں امنو امان اور سرحدی نگرانی سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

قبائلی عمائدین اور بلدیاتی نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی ایف سی نے دہشتگردوں کے خالف کامیاب کارروائیوں پر ایف سی کے ڑوب ملیشیا ء ونگ کی کارکردگی کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن وامان کی بحالی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائیگا اور اس سلسلے میں مؤثر اور ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ 

آئی جی ایف سی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کی مؤثر سرکوبی کیلئے اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کی ضرورت ہے اور اس مقصد کے حصول میں تمام قبائل ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تعمیری اور مثبت کردار ادا کریں۔عوام قیام امن ترقی اور معاشی خوشحالی کیلئے دہشتگردوں کے خلاف سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کریں۔ 

میجر جنرل فیاض حسین شاہ کا کہنا تھا کہ بیرونی ایجنڈے پر عمل پیرا ، خلفشار اور بدامنی پھیلانے عناصر اپنے مذموم مقاصد کے حصول میں ناکام ہوں گے۔ اس موقع پر قبائلی عمائدین اور معتبرین نے قیام امن کیلئے ایف سی کی کوششوں اور قربانیوں کو سراہا۔ 

انہوں نے آئی جی ایف سی کو علاقے کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔میجر جنرل فیاض حسین شاہ نے ان مسائل کومتعلقہ اعلیٰ حکام تک پہنچانے اور ان کے حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔