|

وقتِ اشاعت :   January 11 – 2019

ڈھاڈر: پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر ،بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر چیف آف رند قبائل سردار یار محمد رند نے اپنی رہائش گاہ چاکر ماڑی نغاری میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی سیاست کے قائل ہیں مسائل سے آگاہ ہیں کچھی میں بجلی گیس کے بحران کو جلد حل کرلیا جائیگا عوامی توقعات کے عین مطابق ترقیاتی کاموں کے ذریعے حقیقی تبدیلی لائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ضلع کچھی کا اجلاس بروز ہفتہ کو طلب کیا گیا ہے جس میں بلدیاتی انتخابات کیلئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائیگا پی ٹی آئی بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کامیابی سمیٹ کر کلین سویپ کرے گی مسائل سے آگاہ ہیں لیکن انکو حل کرنے میں وقت لگے گا پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت ملک کے گھمبیر مسائل سے نمبرد آزما ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان کی ٹیم ملک کو مسائل کے بھنور سے نکالی گی اور انشاء اللہ کرپشن کا صفایا کرکے ملک کو صحیح ڈگر پر لائیں گے ملک میں کچھ ایسے مگر مچھ ہیں جن پر ہاتھ ڈالا جارہا ہے تو وہ حکومت کے خلاف واویلا کرکے بدنام کرنے کی ناکام کو شش کر رہے ہیں میرے خلاف بھی ایسے ہی چند عناصر تھے جنہوں نے سوشل میڈیا میں پارٹی چھوڑنے کی من گھڑت خبر شائع کی تھی ۔

ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت پر بھرپور اعتماد ہے اور انکے ہرفیصلے کو من عن قبول کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ صوبے میں پی ٹی آئی کو بھرپور پزیرائی ملی ہے اور اگر انشاء اللہ بلدیاتی الیکشن شفاف ہوئے تو بھرپور کامیابی حاصل کرینگے