جوہانسبرگ ٹیسٹ میں پاکستان کے خلاف جنوبی افریقا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 262 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی جس کے جواب میں قومی بیٹنگ لائن ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہوگئی ہے۔
جوہانسبرگ میں کھیلے جارہے آخری ٹیسٹ میں جنوبی افریقا پہلی اننگز میں ایڈن مارکرم 90 ، ہاشم آملہ 41، بروین 49 اور زوبایر حمزہ کے 41 رنز کی بدولت 262 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ قومی ٹیم کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، حسن علی، محمد عباس اور محمد عامر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں پاکستان کی اوپننگ جوڑی پھر ناکام ہوگئی، 6 رنز کے مجموعی اسکور پر انِ فارم بیٹسمین شان مسعود 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جب کہ اگلی ہی گیند پر فلینڈر نے آؤٹ آف فارم اظہر علی کو چلتا کردیا۔ نائٹ واچ مین محمد عباس اور امام الحق نے اسکور کر 53 تک پہنچایا تاہم اولیوائر نے ایک ہی اوور میں محمد عباس اور اسد شفیق کو پویلین واپس بھیج کر پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کردیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل کھیلے گئے دونوں ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کو ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا، تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں جنوبی افریقا کو 0-2 کی برتری حاصل ہے۔