|

وقتِ اشاعت :   January 13 – 2019

جوہانسبرگ ٹیسٹ میں دوسرے دن کھیل کے اختتام پر جنوبی افریقا نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنا لیے جب کہ اسے 212 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے، اس سے قبل پاکستان کی پوری ٹیم 185 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

 

جوہانسبرگ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں قومی فاسٹ بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کے 4 کھلاڑی 50 رنز سے پہلے ہی پویلین بھیج دیے تاہم ہاشم آملہ اور ڈی کوک نے بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے 102 رنز کی شراکت قائم کی، ہاشم آملہ 72 رنز کی اننگزکھیل کر آؤٹ ہوئے جب کہ ڈی کوک نے شاندار سنچری اسکور کی۔

اس سے قبل آخری ٹیسٹ میں بھی پاکستان کی بیٹنگ لائن ناکام دکھائی دی، میزبان ٹیم کی جانب سے 4 کیچ ڈراپ اور ایک رن آؤٹ کا موقع ضائع کرنے کے باوجود قومی ٹیم پہلی اننگز 185 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ قومی ٹیم کی جانب سے سرفراز احمد 50، بابر اعظم 49 اور امام الحق 43 کے علاوہ کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکا۔ پروٹیز کی جانب سے اولیوائر نے 5، فلینڈر نے 3 اور رباڈا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقا نے اپنی پہلی اننگز میں ایڈن مارکرم 90 ، ہاشم آملہ 41، بروین 49 اور زوبایر حمزہ کے 41 رنز کی بدولت 262 رنز بنانے میں کامیاب رہی تھی۔ قومی ٹیم کی جانب سے فہیم اشرف نے 3، حسن علی، محمد عباس اور محمد عامر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں تھیں۔

واضح رہے کہ ابتدائی دونوں ٹیسٹ میچوں میں قومی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور یوں جنوبی افریقا کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔