|

وقتِ اشاعت :   January 14 – 2019

کوئٹہ: کوئٹہ میں قحط اور خشک سالی کے خاتمے اور باران رحمت کیلئے نماز اِستسقاء ادا کی گئی۔شہریوں نے اللہ کے حضور گڑگڑا کر بارش کی دعائیں مانگیں۔ 

میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے سبزہ زار پر نماز استسقاء مرکزی جامع مسجد کے خطیب مولانا انوار الحق کی امامت میں پڑھی گئی جس میں تاجر، سیاسی جماعتوں کے عہدیداران، علماء کرام سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سبزہ زار بھر گیا تھا۔ 

بزرگوں اور نوجوانوں کے علاوہ بچوں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ نماز کے بعد شہریوں نے اللہ کے حضور گڑگڑا کر باران رحمت ، خشک سالی کے خاتمے، ملک اور مسلم امہ کی فلاح و بہبود کی دعا مانگی۔ نماز سے قبل مولانا انوار الحق حقانی نے اپنے خطبے میں تاکید کی کہ بحیثیت مسلمان ہمیں بداعمالیوں سے اجتناب کرنا ہوگا۔ حکمران اور عہدوں پر بیٹھے افسران دیانت و ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں۔ 

تاجر اور مخیر حضرات غریب اور پسے ہوئے طبقے کی مدد کیلئے آگے آئیں اور زیادہ سے زیادہ صدقہ اور خیرات دیں۔ شہری پانی کے استعمال میں احتیاط برتیں۔ درخت لگائے۔ اپنے گناہوں سے توبہ کرکے اللہ سے رجوع کریں۔ 

نیک عبادات کریں تاکہ اللہ تعالیٰ ہم پر اپنی رحمت کے دروازے کھولے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہریوں کا کہنا تھا کہ بارگاہ الٰہی میں التجاؤں اور دعاؤں کے بعد ہم پرامید ہیں کہ جلد باران رحمت برسے گی اور خشک سالی کا خاتمہ ہوگا۔