|

وقتِ اشاعت :   January 17 – 2019

کوئٹہ : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اثاثوں کی سالانہ تفصیلات جمع نہ کرانے پر 332ارکان اسمبلی و سینیٹ کی رکنیت معطل کردی ان میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری اور سردار اختر مینگل سمیت بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 28 پارلیمنٹرین بھی شامل ہیں۔ 

الیکشن کمیشن کے مطابق ارکان کی رکنیت اپنے اور زیر کفالت بیوی بچوں کے اثاثوں کے سالانہ گوشوارے جمع نہ کرانے پر الیکشن ایکٹ کی شق 137 کے تحت معطل کی گئی ہے۔ جن چار سینیٹرز کی رکنیت معطل کی گئی ہے ان میں بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر سرفراز احمد بگٹی، انوار الحق کاکڑ، نیشنل پارٹی کے محمد اکرم اور پشتونخوامیپ کے سردار محمد شفیق ترین شامل ہیں۔ 

اسی طرح قومی اسمبلی کے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پانچ ارکان بی این پی کے سربراہ سردار محمد اختر مینگل ، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی محمد قاسم خان سوری ، بی اے پی کے محمد اسرار ترین، جے یو آئی کے مولوی کمال الدین کی رکنیت بھی معطل کی گئی ہے۔ 

بلوچستان اسمبلی کے انیس ارکان کی رکنیت بھی معطل کی گئی ہے ان میں مٹھا خان کاکڑ، مولوی نور اللہ، مسعود علی خان، نوابزادہ طارق مگسی،سردار یار محمد رند، اصغر خان، ملک نعیم خان بازئی، عبدالخالق، محمد بین خلجی، نصیر احمد شاہوانی ، محمد اکبر مینگل، ظہور احمد بلیدی، سید احسان شاہ، لالہ عبدالرشید، اکبر آسکانی، محمد صالح بھوتانی، حمل کلمتی، خواتین ارکان لیلہ بی بی اور فریدہ بی بی شامل ہیں