کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر و بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ ملک میں کرپٹ عناصر کے خلاف احتساب کے عمل سے ملک میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں بلکہ کرپشن زدہ عناصر کو خطرہ ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے بلوچستان کے عوام سے جو وعدے کئے تھے وہ وفا کرتے ہوئے انکی دہلیز پر ان کے مسائل حل کریں گے بلوچستان کی ستر سالہ احساس محرومی اور زیادتیوں کا ازالہ بھی پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں ممکن ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر سول ایوی ایشن و پرائیوٹائیزیشن میاں محمد سومرو کی ان سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وفاق میں صوبے کے خالی آسامیوں پر صوبے کی غریب عوام کو بھرتی کرنے کا سلسلہ جلد شروع کیا جائے گا جو صوبے کے غریب عوام کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا پاکستان تحریک انصاف نے روز اول سے بلوچستان کے مسائل کوحل کرنے کیلئے ترجیح بنیادوں پر اقدامات اٹھائے ہیں۔
ماضی میں جس طرح دوسری حکومتوں نے احساس محرومیوں کا ازالہ کرنے کے نام پر جو بلند وبانگ دعویٰ کئے تھے وہ سارے جھوٹے اور بے بنیاد ثابت ہوگئے پچھلے حکومتوں میں شامل وزیر اعظم اور وفاقی وزراء سے بلوچستان کے عوام کو کوئی سروکار نہیں تھا اور نہ ہی وہ صوبے کے دورے پر آتے تھے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی قائدین اور وزیراعظم عمران خان اور صدر عارف علوی وفاقی وزراء سمیت اپنے قلیل مدت میں کئی بار صوبے کے دورے کر چکے ہیں۔
جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ وہ صوبے کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہیں انہوں نے کہا کہ ملک میں احتساب کا عمل شروع ہو اہی نہیں کہ مختلف جماعتوں کے پیٹ میں درد ہونے لگا ہے پاکستان تحریک انصاف کے کسی بھی عہدیدار یا حکومت میں بیٹھے وزراء پر کسی قسم کاکوئی کرپشن کیس نہیں ہے۔
ہم نے سب سے پہلے اپنے اپ سے احتساب کا عمل شروع کیا اور بعد میں دوسرے پارٹیوں و جماعتوں کا احتساب کیا ملک کو کرپشن سے پاک کرنے میں جمہوریت کو کسی قسم کا خطرہ نہیں ہے بلکہ احتساب سے کرپٹ حکمرانوں کو خطرہ ضرور ہے کیونکہ عوام کے لوٹے گئے پیسے واپس دینے میں تکلیف ہوتی ہے
بلوچستان کی احساس محرومیوں کا خاتمہ پی ٹی آئی حکومت میں ممکن ہے ، سردار یا ر محمد رند
وقتِ اشاعت : January 22 – 2019