کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے تربت میں بم دھماکے کے نتیجے میں چارسیکورٹی اہلکاروں سمیت نو افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دھماکا کیچ کے ضلعی ہیڈکوارٹر تربت کے مین سٹی ایریا پارک ہوٹل کے قریب اس وقت ہوا جب وہاں سے ایف سی سے گاڑیاں گزرہی تھیں۔
دھماکے سے ایف سی کی ایک گاڑی کو نقصان پہنچا اور اس میں چار اہلکار زخمی ہوگئے۔ دھماکے کی زد میں آکر ایک گیارہ سالہ بچی سمیت پانچ راہ گیر بھی زخمی ہوگئے جنہیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال تربت منتقل کردیا گیا۔ زخمی ہونے والوں میں ایف سی اہلکا رنائیک جمیل، نائیک ناطم، نائیک یاسر اور سپاہی نقیب اللہ شامل ہیں۔
راہ گیروں میں گیارہ سالہ نور ین بنت ظفر ، ضمیر ولد رحیم بخش ، شاکر ولد محمد عمر اوراشرف ولد عبدالصمد کا تعلق تربت جبکہ محمد رستم ولد عزیز الرحمان کا تعلق خیبر پشتونخوا سے بتایا جاتا ہے۔ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔دھماکا اتنا شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بم سڑک کے کنارے کھڑی موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے کے بعد جائے وقوعہ پر آگ بھی لگ گئی جسے بجھادیا گیا۔ قریب واقع ایک دکان کو بھی نقصان پہنچا۔
تربت ، ایف سی گاڑی کے قریب بم دھماکہ ، 4اہلکاروں سمیت 9افراد زخمی
![]()
وقتِ اشاعت : January 25 – 2019