لاہور: امام الحق نے سنچری مکمل کرتے ہی ناقدین کو ’اب چپ ہو جاؤ‘ کا اشارہ کردیا۔
ڈراپ کیچ سے موقع پانے کے بعد سنچری مکمل کرنے والے امام الحق نے اس کامیابی کا منفرد انداز میں جشن منایا، انھوں نے انگلی سے ناقدین کو چپ کرانے کا اشارہ کیا، بھتیجے کی کامیابی پر اسٹیڈیم میں موجود چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی خوشی سے سرشار نظر آئے اور تالیاں بجاتے رہے۔
امام الحق نے ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین 1000رنز مکمل کرنے والوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر جگہ بنائی، فخرزمان نے 18 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا جبکہ امام الحق کی یہ 19 ویں اننگز تھی، بابر اعظم، ویوین رچرڈز، کوئنٹن ڈی کک اور جوناتھن ٹروٹ 21 اننگز میں 1000رنز مکمل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
وقفے کے دوران انٹرویو میں امام الحق نے کہا کہ میری سلیکشن کے بارے میں باتیں ہوئیں کہ چیف سلیکٹر کا بھتیجا ہوں، میں پورے سال تنقید کرنے والے میڈیا اور لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ سب انہی کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔
امام الحق نے کہا کہ مجھے کوچز کی جانب سے بھرپور حوصلہ افزائی ملی،اپنے خاندان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، یہ ایک اسپیشل سنچری تھی۔ تیز ترین 1000رنز مکمل کرنے والوں کی فہرست میں جگہ بنانے کو میں ایک اعزاز سمجھتا ہوں۔