سابق ٹیسٹ کرکٹر اور کمینٹیٹر رمیز راجا نے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کے نسل پرستانہ جملے کا انگریزی میں ترجمہ نہ کرنے کی وجہ بتادی۔
قومی کپتان سرفراز احمد نے جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں جنوبی افریقین کھلاڑی اینڈائل فیلوکایو پر اردو میں نسل پرستانہ جملہ ’’ابے کالے تیری امی کہاں بیٹھی ہوئی ہیں کیا پڑھوا کے آیا ہے آج تو‘‘ کسا تھا۔ میچ کے دوران دیگر کمینٹیٹر نے رمیز راجا سے اس جملے کا ترجمہ انگریزی میں کرنے کے لیےکہا تھا لیکن انہوں نے بات کو ٹالتے ہوئے کہا تھا کہ جملہ کافی طویل ہے۔
اب رمیز راجا نے اردو کے اس جملے کا انگریزی میں ترجمہ نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ’’کسی بھی طرح کے نسل پرستانہ جملے ناقابل قبول ہیں، کمنٹری کے دوران نسل پرستانہ فقرے یا تبصرے کا ترجمہ کرنا بالکل بھی صحیح نہیں ہے اور یہ بہت ہی غیر مہذبانہ طریقہ ہوگا، یہ اچھی بات ہے کہ سرفراز نے اپنے کیے پر معافی مانگ لی ہے۔
سابق پاکستانی کرکٹر نے کہا کہ وہ کمنٹری کے دوران اردو میں کہے گئے مزاحیہ جملوں کا انگریزی میں ترجمہ کرتے ہیں لیکن اب انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ مستقبل میں کسی بھی جملے کا انگریزی میں ترجمہ نہیں کریں گےاورانگریزی میں ہی کمنٹری کریں گے۔‘‘
واضح رہے کہ کپتان سرفراز احمد نے اپنے جملے پر معافی بھی مانگی تھی اور جنوبی افریقین کھلاڑی نے انہیں معاف بھی کردیا تھا تاہم آئی سی سی نے ان پر چار میچوں کی پابندی لگادی۔