|

وقتِ اشاعت :   January 28 – 2019

کراچی:  وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کے وسائل صوبے کے عوام پر خرچ کرینگے صوبائی حکومت نے دہشتگردی کیخلاف موثر حکمت عملی اختیار کی ہے کوئٹہ اورگوادرکوسیف سٹی بنانے کے منصوبوں پر جلد کام کا آغاز ہوگا ۔

صوبے کے تمام ہسپتالوں کواپ گریڈ آر سی ڈی شاہراہ پر 16 سے 18 ٹراما سینٹر تعمیر کئے جارہے ہیں ۔پارکونے حب میں سب سے بڑی آئل ریفاینری بنانے کی خواہش ظاہر کی ہے منصوبہ کو جلد عملی جامہ پہنائیں گے ۔ گزشتہ روز مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان حکومت نظام میں بہتری لانے پر توجہ دے رہی ہے نظام میں بہتری لانے سے ہی عوام کے درینہ مسائل حل ہونگے ۔

بلوچستان حکومت نے دہشتگری کی واقعات کے روک تھام کیلئے موثر حکمت عملی اختیار کی ہے سندھ اور بلوچستان کے بارڈر پرموثر سیکورٹی انتظات کیلئے ہماری سندھ رینجرز سے بات ہوئی ہے اس سلسلے میں جلد وزیراعلیٰ سندھ سے بھی ملاقات کرینگے ۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں ایک عرصے سے لاپتہ افراد کا مسئلہ چلاآرہا ہے لاپتہ افراد سے متعلق بلوچستان حکومت نے نشاندہی کرائی ہے مسئلہ پر عوام کا تعاون ہمیں حاصل ہے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے لاپتہ افراد کی بازیابی میں تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اُمید ہے بلوچستان میں لاپتہ افراد کا مسئلہ ہمیشہ جلد حل ہوجائیگا ۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو صحت اور تعلیم کے سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے بلوچستان حکومت نے دونوں شعبوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔بلوچستان کے تمام اضلاع میں موجود مراکز صحت فعال کرکے ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے ۔ جہاں عملہ کی کمی ہے وہاں مزید عملہ کی تعیناتی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے گئے ہیں پہلے مرحلے میں 500 کے قریب ڈاکٹر عارضی بنیادوں پر تعینات کئے جارہے ہیں ۔

ان ڈاکٹر وں کی تعیناتیوں سے بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں عوام کو انکی دہلیز پر صحت سے متعلق بنیادی سہولیات فراہم میسر ہونگے ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے لسبیلہ میں پیش آنے والے واقع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے حکومتی سطح پرمنصوبہ کی جارہی ہے ۔

ٹریفک حادثہ میں جاں بحق ہونے والے فراد کے لواحقین کو بلوچستان حکومت امدادی رقم فراہم کریگی جبکہ حادثہ میں زخمی ہونے والے افراد کا علاج ومعالجہ حکومتی سطح پر کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ قومی شاہراؤں پر بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات کے پیش نظر صوبائی کابینہ نے آر سی ڈ ی شاہراؤں پر اٹھارہ ٹراما سینٹر تعمیر کرنے کی منظوری دی ہے ٹراماسینٹرز کی تعمیر سے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متاثر افراد کو فوری طبی امداد فراہمی ممکن ہوگی ۔

ایک سوال کے جواب مین انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت حب میں پاک عرب آئل ریفائنری تعمیر کرنے کا ارادہ رکھی ہے سعودی وزیر نے دورہ پاکستان کے موقع پر حب میں آئل ریفائنری ( پارکو) تعمیر کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے ہماری کوشش ہے کہ منصوبہ کو جلد از جلد عملی جامہ پہنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد عوام کے مسائل حل کرنا ہے بلوچستان حکومت سیندک اور ریکوڈک سمیت بلوچستان کے معدنی وسائل کو بلوچستان کے عوام پر خرچ کریگی انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہدری منصوبہ عالمی نوعیت کا منصوبہ ہے ۔

منصوبے سے متعلق وفاقی حکومت بلوچستان حکومت کو ساتھ لیکر چل رہی ہے بلوچستان میں سی پیک سے متعلق ایک ایسا میکنزم بنا رہے ہیں جس سے منصوبہ سے زیادہ سے زیادہ فائدہ بلوچستان کے لوگوں کو ملے ۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کا بلوچستان کے لوگوں سے بہت گہراتعلق رہا ہے جو ہمارے قائدین کی محنت کا نتیجہ ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی کا انتخاب اتحادی جماعتوں نے متفقہ طور پر کیا ہے امید ہے انہیں تبدیل نہیں کیا جائیگا ۔