لاہور: ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز میں شکستوں کے بعد پاکستان پسندیدہ فارمیٹ میں پروٹیز سے حساب چکانے کیلیے بے چین ہے ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ جمعے کو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔
عالمی رینکنگ میں نمبر ون گرین شرٹس مختصرطرز میں فتوحات کا سلسلہ دراز کرنے کے خواہاں ہیں، اوپنر فخرزمان کو بابر اعظم کا ساتھ میسر آئیں گے، مڈل آرڈر میں قائم مقام کپتان شعیب ملک اور محمد حفیظ موجود ہیں، پیس بیٹری میں شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی کے ہمراہ محمد عامر یا عثمان شنواری شامل ہوں گے۔ ان فارم عماد وسیم کی شمولیت کیلیے فہیم اشرف کو باہر بیٹھنا پڑے گا۔ تفصیلات کے مطابق ٹیسٹ سیریز میں پاکستان ٹیم کلین سوئپ ہوئی، ون ڈے میچز میں جنوبی افریقہ نے 3-2 سے کامیابی حاصل کی، گرین شرٹس کا اگلا چیلنج ٹی ٹوئنٹی سیریز ہے۔
اس فارمیٹ کی آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون پاکستان ٹیم جنوری 2016 میں نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد مسلسل 11 سیریز جیت چکی جو ایک ریکارڈ ہے، کامیابیوں کے اس سفر میں قیادت کرنے والے سرفراز احمد کی خدمات پروٹیز سے سیریز کیلیے میسر نہیں ہیں، نسلی تعصب پر مبنی جملے ادا کرنے کے الزام میں 4میچز کیلیے معطل کپتان کی جگہ شعیب ملک کمان سنبھالیں گے، ون ڈے سیریز کے بعد امام الحق کی واپسی ہوچکی، فخرزمان کو اوپننگ میں عالمی رینکنگ میں سرفہرست بابر اعظم کا ساتھ میسر آئیں گے، مڈل آرڈر میں محمد حفیظ اور شعیب ملک جیسے تجربہ کار بیٹسمین بھی موجود ہیں،آصف علی کی پاور ہٹنگ بھی ٹوٹل میں اضافہ کا ذریعہ بن سکتی ہے، پاکستان کی پیس بیٹری جاندار ہے، شاہین شاہ آفریدی اچھی فارم میں ہیں۔
حسن علی اس فارمیٹ میں اپنی افادیت ثابت کرچکے، ون ڈے میچز میں کوئی خاص تاثر نہ چھوڑ پانے والے محمد عامر کی جگہ عثمان شنواری کو شامل کیا جا سکتا ہے، اسپن کے شعبے میں شاداب خان کے ساتھ محمد حفیظ اور شعیب ملک بھی جادو جگا سکتے ہیں، عماد وسیم کی موجودہ فارم سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا تو فہیم اشرف کی جگہ نہیں بنے گی۔دوسری طرف ہوم گراؤنڈ پر جنوبی افریقی ٹیم کی قوت کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا،آخری ون ڈے میں فارم بحال کرنے والے کوئنٹن ڈی کک خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں، ڈیبیو سیریز میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرنے والے ریسی وان ڈیر ڈوسین کا بیٹ بھی خوب چل رہا ہے، تجربہ کار کپتان فاف ڈوپلیسی میچ کی کسی بھی صورتحال کے مطابق بیٹنگ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ون ڈے سیریز میں سب سے زیادہ 8 وکٹیں حاصل کرنے والے میزبان بولر اینڈل فیلکوایو ایک بار پھر اپنی شارٹ گیندوں سے مہمان بیٹسمینوں کو پریشان کرنے کی کوشش کریں گے، ڈیل اسٹین اور کاگیسو ربادا سمیت سینئرز کو آرام دیے جانے کے بعد نوجوان ابھرتے ہوئے کھلاڑی عالمی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ون پاکستان کیخلاف عمدہ کارکردگی سے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کیلیے بے تاب ہوں گے۔