|

وقتِ اشاعت :   February 5 – 2019

 لاہور: ٹیسٹ کرکٹ میں نام کمانے والے محمد عباس ورلڈکپ میں شرکت کے خواہاں ہیں۔

پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pkکو خصوصی انٹرویو میں محمد عباس نے ورلڈکپ میں شرکت کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

سیالکوٹ میں سمبڑیال کے نواحی گاؤں سے تعلق رکھنے والے پیسر نے گزشتہ سال شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے پاکستان کی فتوحات میں اہم  کردار ادا کیا اور آئی سی سی کی ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر میں بھی جگہ پائی، 28سالہ محمد عباس رواں سال بھی کارکردگی میں تسلسل کو برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں، انھوں نے کہاکہ میں خود کو کسی ایک فارمیٹ تک محدود نہیں کرنا چاہتا بلکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں بھی ٹیم کی کامیابیوں میں نمایاں کردار ادا کرنے کا عزم ہے۔

انھوں نے کہا کہ مجھے انگلینڈ کی کنڈیشنز کھیلنے کا تجربہ ہے، ہر کرکٹر کی طرح میری بھی خواہش ہے کہ ورلڈکپ میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز ملے، اگر سلیکٹرز نے میگا ایونٹ میں شرکت کا موقع دیا  تو توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا۔

جنوبی افریقہ کے خلاف 2ٹیسٹ میں صرف 5 وکٹیں حاصل کرنے کے سوال پر محمد عباس نے کہا کہ کندھے میں تکلیف کی وجہ سے زیادہ متاثر کن کارکردگی نہیں دکھا پایا، فٹنس مسائل کے بعد کم بیک کے فوری بعد پرفارم کرنا آسان نہیں ہوتا،فٹنس کے ساتھ اپنی بولنگ میں مزید نکھار لانے کیلیے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں خصوصی ٹریننگ کررہا ہوں۔

پیسر نے کہا کہ میں اپنے فیورٹس گلن میک گرا، شان پولاک اور محمد آصف کی طرح تسلسل کے ساتھ قومی ٹیم کیلیے پرفارم کرنے کا خواہاں ہوں، بولنگ کے ساتھ بیٹنگ کو بھی بہتر بنانا چاہتا ہوں۔

محمد عباس نے کہا کہ میرے آبائی علاقے میں ٹیلنٹ موجود ہے،اگر سہولیات ملیں تو وہاں سے مزید باصلاحیت کرکٹرز سامنے آسکتے ہیں۔