کینبرا: سری لنکا نے ناقص فارم پر اپنے کپتان کو ہی ڈراپ کردیا تاہم دنیش چندیمل جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلیں گے۔
سری لنکن ٹیم کی تمام فارمیٹس اور خاص طور پر ٹیسٹ کرکٹ میں پرفارمنس گذشتہ کچھ عرصے سے انتہائی مایوس کن ہے، ہوم گراؤنڈز پر انگلینڈ کے ہاتھوں 3 میچز کی سیریز میں وائٹ واش کے بعد آئی لینڈرز کو نیوزی لینڈ میں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 1-0 سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا، جس کے بعد اتنے ہی ٹیسٹ میچز کی سیریز کیلیے آسٹریلیا پہنچے جہاں پر ٹیم کی کارکردگی مزید زوال کا شکار دکھائی دی۔
فٹنس مسائل کی وجہ سے اہم پلیئرز کی خدمات سے محروم سری لنکا کو دونوں میچز میں بڑے مارجن سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، جس پر سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ایکشن میں آتے ہوئے کپتان دنیش چندیمل کو ہی دورہ جنوبی افریقہ کیلیے ٹیم سے ڈراپ کردیا ہے۔
آئی لینڈرز نے 13 فروری سے پروٹیز دیس میں دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنا ہے۔ ایس ایل سی کے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ دنیش چندیمل کو ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی فارم بحال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جنوبی افریقہ کے ٹور کیلیے ٹیم کی قیادت اب اوپننگ بیٹسمین ڈیموتھ کرونا رتنے کو سونپ دی گئی ہے جبکہ باقی کھلاڑیوں میں نروشن ڈیکویلا، لاہیرو تھریمانے، کشول سلوا، کولش مینڈس، کوشل پریرا، ملندا سروردانا، دھنن جایا ڈی سلوا، اوشیڈا فرنانڈو، انجیلو پریرا، سورنگا لکمل، کاسن راجیتھا، وشوا فرنانڈو، چمیکا کرونارتنے، محمد شیراز، لکشن سنداکن اور لیستھ ایمبولڈینیا شامل ہیں۔