کراچی: چائنا پاور حب جنریشن کمپنی (CPHGC)کی جانب سے 4 لاکھ امریکی ڈالر کی لاگت سے تعمیر کی گئی فلوٹنگ جیٹی مقامی ماہی گیروں کے حوالے کردی گئی۔اس حوالے سے حب کے علاقے میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مقامی ماہی گیروں سمیت بلوچستان حکومت اور چائنا پاور حب جنریشن کمپنی کے نمائندوں نے شرکت کی۔
کراچی میں واقع چینی قونصلیٹ کے کمرشل اتاشی گاؤ چن شوئی،صوبائی وزارتِ فشری کے سیکریٹری فشریز اور کوسٹل ڈیویلپمنٹ ارشد حسین بگٹی، چیف ایگزیکٹو آفیسرچائنا پاور حب جنریشن ڑاؤ یونگ گینگ اور وزیرِاعلی بلوچستان کے مشیر برائے فشریزحاجی اکبر تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔تقریب کے بعد معزز مہمانوں نے فلوٹنگ جیٹی کا دورہ بھی کیا۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چائنا پاور حب جنریشن کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسرڑاؤ یونگ گینگ نے کہا کہ فلوٹنگ جیٹی کمپنی کی جانب سے علاقے کے لوگوں سے کئے گئے وعدے کی تکمیل ہے۔ہم نے پلانٹ کے آپریشنز شروع ہونے پہلے کوئی منافع کمائے بغیرعلاقے میں انفرااسٹرکچر کی بحالی اورمقامی لوگوں کی طرزِ زندگی کو بہتر بنانے کے اپنے وعدے کی پاسداری کی ہے۔
اس موقع پر چینی قونصلیٹ کے کمرشل اتاشی گاؤ چن شوئی نے کہا کہ گذشتہ 5 سالوں میں سی پیک کے تحت قائم کئے جانے والوں 11منصوبے مکمل ہوچکے ہیں جبکہ مزید 11منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ ان منصوبوں کی کل مالیت.9 18ارب ڈالر ہے اور ان منصوبوں سے پاکستان میں 70,000ہزار براہِ راست روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مقامی ماہی گیروں کیلئے سی پی ایچ جی سی کی جانب سے تعمیر کردہ فلوٹنگ جیٹی حوالے کرنے کی تقریب میں شرکت کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے۔میں کراچی میں واقع چینی قونصلیٹ کی جانب سے اپنے پاکستانی دوستوں کو اس منصوبے پر مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ اس فلوٹنگ جیٹی کو چائنا پاور حب جنریشن کمپنی نے اسٹیٹ پاور انوسٹمنٹ کارپوریشن(SPIC) کی مدد سے تعمیر کیا ہے جو حب بلوچستان میں قائم کئے جانے والے 1320میگا واٹ کے کول پاور پلانٹ کی مین اسپانسر ہے۔
فلوٹنگ جیٹی کو بلوچستان کوسٹل اینڈ فشریز ڈیویلپمنٹ ڈپارٹمنٹ سے مشاورت کے بعدمکمل طور پر پاکستانی کنٹریکٹرز اور مزدوروں نے ایک سال کی انتھک محنت کے بعد تعمیر کیا ہے۔علاقے میں بنیادی ڈھانچے کی عدم موجودگی کی وجہ سے مقامی ماہی گیروں کو مشکلات کا سامناتھا۔
فلوٹنگ جیٹی الانہ گوٹھ کے تقریباً900سے زائد ماہی گیروں کوماہی گیری میں مدد فراہم کرے گی جس سے گوٹھ کے 2000سے زائد گھروں کو روزگار کے مواقع حاصل ہو سکیں گے۔کمپنی سے جاری گئے اعلامئیے کے مطابق، چائنا پاور حب جنریشن کمپنی اپنے مختلف سی ایس آر منصوبوں کے ذریعے علاقے کے پسماندہ لوگوں کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کیلئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے۔
ماضی میں کمپنی نے علاقے کے نوجوانوں کوتعلیم کے ذریعے سیکھنے کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان نوجوانوں کو اپنے پلانٹ پر ملازمتیں بھی دیں ہیں۔کمپنی علاقے سے کچرا اور گند صاف کرنے میں بھی مقامی انتظامیہ کی مدد کررہی ہے۔
چائنا پاور حب جنریشن نے حال ہی میں گڈانی کے علاقے میں ایک اسکول قائم کرنے کیلئے دی سٹیزن فاؤنڈیشن کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔حکومتِ بلوچستان سے زمین کی خریداری کی منظوری کے فوری بعداسکول کی تعمیر کے منصوبے پر کام شروع کردیا جائے گا۔
واضح رہے کہ چائنا پاور انوسٹمنٹ ہولڈنگ اور حبکوکے اشتراک سے قائم کی جانے والی کمپنی چائنا پاور حب جنریشن کمپنی(CPHGC) چین پاکستا ن اقتصادی راہداری منصوبے کا حصہ ہے جس میں چائنا پاور انوسٹمنٹ ہولڈنگ کے 74فیصد اور حبکو کے 26فیصد شیئرز ہیں۔