دالبندین: ڈپٹی کمشنر چاغی فتح خان خجک نے کہا ہے کہ چینی شہریوں کی پاکستان کے ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ہے ان کی حفاظت ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے سفر کرنے والے زائرین کو تفتان سرحد پر قیام و طعام کی بہتر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک ایران تجارتی گیٹ زیروپوائنٹ کا دورانیہ بڑھانے کے لیے ایرانی حکام سے باضابطہ طور پر بات کی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیندک پراجیکٹ، پاکستان ہاؤس تفتان اور تفتان میں کھلی کچہری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سیندک پراجیکٹ کی دورے کے موقع پر انہوں نے چینی انجینئرز اور افسران کے لیے مرتب شدہ سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور اس سلسلے میں کئے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا، اس موقع پر چینی کمپنی ایم آر ڈی ایل کے صدر نے انھیں سیندک پراجیکٹ کی پیداواری صلاحیتوں اور مجموعی کارکردگی پر بریفنگ دی جس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے سیندک پراجیکٹ کے کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلٹی کے مد میں ضلع چاغی میں ترقیاتی کام کرنے پر زور دیا۔
دریں اثناء انہوں نے پاکستان ہاؤس تفتان کی دورے کے موقع پر وہاں قیام پذیر زائرین سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سنے اور انھیں یقین دلایا کہ حکومت ان کو قیام و طعام سمیت سیکیورٹی کے تمام سہولیات مہیا کرنے میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑے گی۔ ڈپٹی کمشنر چاغی فتح خان خجک نے تفتان میں کھلی کچہری بھی لگائی جس کے دوران لوگوں کی بڑی تعداد نے مختلف نوعیت کے مسائل بیان کئے جن پر عملدرآمد کے لیے ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر انہوں نے تفتان میں تعلیم، صحت، آبنوشی اور سرحدی تجارت کے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی کرائی اور تفتان شہر کی صفائی کے متعلق فوری اقدامات اٹھانے کا حکم بھی دیا ان کا کہنا تھا کہ تفتان ضلع چاغی کا اہم شہر ہے جہاں لوگوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
چینی شہریوں کا پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ہے، فتح خجک
وقتِ اشاعت : February 8 – 2019