کراچی: قومی کرکٹر رومان رئیس نے کہا ہے کہ پچھلا ایک سال میرے کیریئر کا برا وقت تھا جو گزر چکا لیکن اب پی ایس ایل 4 کے لیے کافی پر جوش ہوں۔
پی ایس ایل 4 کے لیے کراچی سے دبئی روانگی سے قبل رومان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں اچھا پرفارم کر کے پاکستان ٹیم میں جگہ بنانے کی کوشش کروں گا،پھونک پھونک کر قدم رکھ رہا ہوں، ابھی تمام تر توجہ پی ایس ایل پر مرکوز ہے۔ پی ایس ایل فورکے لیے نیا ہیئر اسٹائل بنایا ہے، امید ہے میرے پرستاروں کو پسند آئے گا، لیگ دراصل انٹرٹینمنٹ ہے اور ہمارے کرکٹنگ ہیروز کو چاہیے کہ وہ پی ایس ایل میں نیا انداز اپنا کر سامنے آئیں اور شائقین کی توجہ اپنی طرف مائل کریں۔
رومان رئیس نے مزید کہا کہ محمد سمیع ایک فائٹر کرکٹر اور چیمپئن پلیئر ہیں، محمد سمیع کو اسلام آباد یونائٹڈ کا کپتان بنانا فرنچائز کا اچھا فیصلہ ہے،محمد سمیع کا ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی میں بطور کپتان ریکارڈ بہت شاندار ہے، قومی ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی میں محمد سمیع نے آٹھ سال کراچی کی قیادت کی اور سات بار کراچی فائنل میں پہنچا، میرا ڈومیسٹک ایک روزہ کرکٹ کا ڈیبیو بھی محمد سمیع کی کپتانی میں ہی ہوا تھا۔
رومان رئیس نے کہا کہ سرفراز احمد کو ورلڈ کپ تک کپتان برقرار رکھنا پی سی بی کا اچھا فیصلہ ہے، سرفراز احمد نے بطور کپتان احسن طریقے سے پاکستانی ٹیم کی کمان سنبھالی ہے۔