|

وقتِ اشاعت :   February 10 – 2019

تربت: یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہاہے کہ اس ریجن کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم فراہم کرناتربت یونیورسٹی کی پہلی ترجیح ہے تاکہ ہمارے نوجوان نہ صرف ملکی سطح پر بلکہ بین الاقوامی سطح پربھی اعلی تعلیم اور تحقیق کے میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرسکیں۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تربت یونیورسٹی میں منعقدہ یونیورسٹی کی نویں اکیڈمک کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں رجسٹرار تربت یونیورسٹی غلام فاروق بلوچ ، ڈین سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عبدالصبور بلوچ،ڈین ریسرچ ڈاکٹر ریاض احمد،کنٹرولر امتحانات تنویراحمد،شعبہ کیمسٹری کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر نعیم الحق ،تمام شعبہ جات کے سربراہان اور تربت یونیورسٹی کے ساتھ الحاق شدہ تمام ڈگری کالجز کے نمائندوں کے علاہ تربت یونیورسٹی کے لائبریرین نے شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کا کہنا تھا کہ پانچ سال کے مختصر عرصے میں تربت یونیورسٹی نے اعلی تعلیم کے میدان میں کئی سنگ میل عبور کئے ہیں اور اپنے اہداف کے حصول میں کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔وائس چانسلر نے کہا کہ مقابلے کے اس جدید دور میں معیاری تعلیم ترقی و خوشحالی کا واحد ذریعہ ہے اس کے بغیر کوئی بھی ملک یا قوم ترقی نہیں کرسکتی۔

پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کا کہنا تھا کہ تربت یونیورسٹی نے 2017 میں گوادر میں اپنا کیمپس قائم کیا جسکو اب یونیورسٹی کا درجہ مل چکا ہے اور اب تربت یونیورسٹی پنجگور میں کیمپس قائم کرنے کے لئے منصوبہ بندی کررہی ہے۔ پنجگور کیمپس کا پروجیکٹ منظوری کے لئے صوبائی حکومت کو بھیجا جا چکاہے۔

کونسل کے اجلاس میں مختلف پروگرامز کے کورسز کی منظوری دینے کے علاہ کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ کونسل کے اجلاس میں بی ایس پروگرام کے بابت اس ریجن کے تمام ڈگری کالجز کی تربت یونیورسٹی کے ساتھ الحاق کی بھی سفارش کی گئی۔

کونسل نے انسٹیٹیوٹ آف بلوچی لینگویج اینڈ کلچر IBLC کے 13 سکالرز کو ایم فل ڈگری ایوارڈ کرنے کی بھی سفارش کی۔اجلاس کے آخر میں وائس چانسلر نے اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں شرکت کرنے اور علاقے میں اعلی اور معیاری تعلیم کے فروغ کے لئے مفید تجاویز دینے پر تمام ڈین، چئیرپرسن، سربراہان، ڈگری کالجز کے نمائندوں اور دیگر شرکا کا شکریہ ادا کیا۔