|

وقتِ اشاعت :   February 12 – 2019

تربت: پی این پی عوامی کے مرکزی صدر سید احسان شاہ نے نومنتخب کابینہ کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میر غوث بخش بزنجو کے سیاسی فکر و نظریے پر کاربند رہ کر سیاست کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔

مرکزی کونسل کی منظوری سے پارٹی کا نام تبدیل کر کے پاکستان نیشنل پارٹی عوامی رکھ دیا ہے جو بلوچستان تک محدود ہونے کے بجائے سندھ،پنجاب،خیبر پختونخواہ کے مظلوم و محکوم اقوام کی نمائندگی کریگی۔

انہوں نے کہاکہ ہماری سیاست کا محور بلوچ و بلوچستان ہے مگر میر غوث بخش بزنجو کے سیاسی وژن و مشن کو سامنے رکھ کر تمام محکوم و مظلوم قوموں کے حقوق کے لیئے جدوجہد کرینگے تاکہ قومی خوش حالی کی بنیاد رکھ سکیں، پی این پی محکوم اقوام کو ایک پلیٹ فارم پر منظم کر کے ان میں سیاسی شعور اور آگاہی پھیلائے گی ۔

پارٹی کو بلوچستان تک محدود کرنے کے بجائے پورے پاکستان کے مظلوم اور محکوم اقوام کی آواز بنا کر میر غوث بخش بزنجو کے فکر اور فلسفے کو عام آدمی تک پہنچائینگے، انہوں نے کہاکہ ملک کی معاشی حالت روز بروز ابتر ہوتی جارہی ہے چندہ کر کے ملک کو چلانے کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی جب تک مضبوط معاشی پالیسی نہیں بنائی جاتی معیشت کی ابتری بڑھتی جائے گی۔

پاکستان کے تمام مظلوم قوموں کو پی این پی عوامی کے جھنڈے تلے متحد ہونے کی دعوت دیتے ہیں تاکہ ملک سے غربت اور پسماندگی کا خاتمہ کر کے قومی تعصب دور کی جاسکے جس کی اس وقت اشد ضرورت ہے۔ 

انہوں نے کہاکہ ملک کی خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کی جائے کیوں کہ ارد گرد دشمن پیدا کر کے ملک کو مضبوط نہیں کیا جاسکتا ایران ہمارا برادر اسلامی ملک ہے مگر اس کے ساتھ بھی ہمارے تعلقات بہتر نہیں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے وسائل کی تحفظ کے لیئے جدوجہد تیز کرینگے پہلے ریکوڈک پر ایک ڈاکو کو لایا گیا اور ریکوڈک کے تحفظ کا نعرہ بلند کیاگیا اب ساحلی پٹی کو چھیننے کی کوشش کی جارہی ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کرینگے ۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے وسائل اور ساحل کے تحفظ کے لیئے پی این پی تمام سیاسی جماعتوں کو اتحاد کی دعوت دیتی ہے کیوں کہ مشترکہ جدوجہد کے زریعے ہی کامیابی مل سکتی ہے۔

پی این پی کے نومنتخب مرکزی جنرل سیکرٹری چیئرمین آصف بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پی این پی ایک روایتی اور تنگ نظر سیاسی جماعت ہونے کے بجائے پاکستان سمیت دنیا کے ہر ملک میں مظلوم اور محکوم اقوام کی آواز بنے گی جو میر غوث بخش بزنجو کا مشن تھاہم اسی مشن اور وژن پر کاربند رہ کر جدوجہد کی راہ اپنائینگے ۔ 

انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس ایک مکمل سیاسی وژن اور مشن موجود ہے پی این پی کے سیاسی مشن میں پاکستان میں آئین و قانون کی بالادستی، آزادانہ و منصفانہ الیکشن ، انصاف کی بالادستی، برابری کی بنیاد پر تعلیمی نظام ، غربت کا خاتمہ، سماجی اقدار،قومیتوں کے حقوق کی فراہمی، مذہبی رواداری، سیاسی نظام کی بالادستی، اقلتیوں کا احترا اور ان کے حقوق کا تحفظ، بہتر تعلیمی درسگاہوں کا انتظام، بزرگ شہریوں کے لیئے الاؤنس سمیت کئی اہم ایجنڈے شامل ہیں جبکہ ہمارے پاس ایک مضبوط معاشی پالیسی بھی موجود ہے جو ملک کو معاشی بحرانوں سے نکال سکتی ہے اپنے اس پروگرام کو تمام سیاسی جماعتوں اور معاشی اداروں کے ساتھ شیئر کرنے کو تیار ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کی جانب سے ساحلی پٹی کے36ہزار ایکڑ اراضی کی منسوخی غیر قانونی عمل ہے اس کے خلاف مزاحمت کرینگے جبکہ کسی کو ایہ اجازت نہیں دینگے کہ ماہیگیروں کا معاشی قتل عام کرے ایکسپریس وے کا سادہ مطلب مقامی ماہی گیروں کا معاشی قتل عمل ہے اس کے خلاف پی این پی عوامی سخت احتجاج کرے گی اور تمام سیاسی جماعتوں کو بھی اس معاملے میں اتحاد کی دعوت دیتے ہیں۔ 

انہوں نے کہاکہ پی این پی عوامی منظم سیاسی پروگرام کے ساتھ ایک مستحکم نظریاتی پروگرام رکھتی ہے کیوں کہ جو جماعتیں نظریاتی سیاست سے دور ہو جائیں وہ مٹ جاتی ہیں ،پی این پی عوامی بلوچستان سمیت تمام محکوم اقوام کے لیئے آواز بلند کرتی رہے گی یہ میر غوث بخش بزنجو کا سیاسی و نظریاتی مشن ہے جسے سید احسان شاہ کی قیادت میں آگے لیجانے کے لیئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔ 

انہوں نے کہاکہ حق و سچ کی سربلندی کے لیئے میڈیا کا کردار قابل رشک ہے، صحافیوں نے ہر مشکل حالات کا مقابلہ کر کے سچ کا علم بلند کیا ان کی قربانیوں کی وجہ سے سیاسی حالات بہتر ہورہے ہیں۔ 

حلف برداری تقریب سے پی این پی عوامی کے مرکزی نومنتخب سنیئر نائب صدر میر غفور احمد بزنجو نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پی این پی عوامی بلوچستان کی سیاست میں کوئی نئی نام نہیں بلکہ میر غوث بخش بزنجو کے سیاسی وژن کا تسلسل ہے ہمارے کئی ساتھی میر غوث بخش بزنجو کے ہمسفر رہے ہیں ۔

اس لیئے ہم ان کے سیاسی وارث ہیں جبکہ نیشنل پارٹی اور ان کی قیادت میر غوث بخش کا سیاسی قاتل ہے مگر بدقسمتی سے وہ سیاسی تحفظ کے لیئے میر غوث بخش کا نام استعمال کررہی ہے جس کی ہرگز اجازت نہیں دینگے ۔

کیوں کہ جو لوگ سیاست کے نام پر الہڑ بازی اور سوداگری کرتے ہیں وہ میر غوث بخش کے سیاسی وارث ہر گز نہیں ہوسکتے۔حلف بردا ر ی کی تقریب سے صوبائی نائب صدر مراد جان گچکی، مرکزی نائب صدر ٹکری نظر محمد، مرکزی جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر محمد حیات، مرکزی سیکرٹری ذراعت حمید جتک، مرکزی سیکرٹری فشریز چاکر مینگل، مرکزی سیکرٹری فنانس خلیل کٹور، مرکزی سیکرٹری اطلاعات صادق تاجر، حاجی عبدالغنی،مقبول بلوچ سمیت دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔ 

جبکہ اسٹیج سیکرٹر ی کے فرائض التاز سخی نے سر انجام دیئے،اس موقع پر پی این پی عوامی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل حاجی حمید، سرحدی امور کے سیکرٹری حاجی برکت رند،سیکرٹری مذہبی امورمولانا اعجاز احمد، انسانی حقوق کے سیکرٹری خان محمد جان گچکی،اورسیز سیکرٹری حاجی فیض، کلچر سیکرٹری خالد رضا، اسپورٹس سیکرٹری غنی موسی، صوبائی سیکرٹری جنرل رؤف شہزاد، سندھ وحدت کے صدر نبی بخش بلوچ، اویس مسعودی، محمد سعیدسمیت دیگر رہنما موجود تھے۔