دبئی: ویسٹ انڈین ویمن کرکٹرز نے دورہ پاکستان کو اپنے لیے اعزاز قرار دیدیا۔
پیسر شاکیرا سیلمین نے کہاکہ مجھے بہت ہی خوشی ہوئی کہ ایسی ٹیم کا حصہ بنی جو پاکستان جانے کو تیار ہوئی، میرے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ میں نے پاکستانی خواتین کی اپنی فیملیز کے سامنے کھیلنے میں مدد کی، مجھے معلوم ہی نہیں تھا کہ اپنے میدانوں پر کھیلنا پاکستانی پلیئرز کیلیے کتنا اہمیت کا حامل ہے۔ ان کی ساتھی کھلاڑی انیسہ محمد 2003 میں بھی پاکستان کا دورہ کرچکی ہیں۔
انھوں نے کہاکہ میرے لیے پاکستان کا دوبارہ سفر کافی بہتر ثابت ہوا، سچ بات تو یہ ہے کہ میں نے خود کو انتہائی محفوظ محسوس کیا، میں تو یہ کہوں گی کہ پاکستان کا سفر میری زندگی کا سب سے بہترین سفر رہا، میں نے اپنی ساتھی کھلاڑیوں کی بھی پاکستان کے ٹور کیلیے حوصلہ افزائی کی۔ پاکستانی آل راؤنڈر کائنات امتیاز نے کہاکہ اپنے کراؤڈ کے سامنے کھیلنے سے بڑھ کر اور کوئی خوشی نہیں ہوتی۔
واضح رہے کہ حال ہی میں کیریبیئن ویمنز ٹیم نے کراچی میں 3 ٹوئنٹی 20 میچز کی سیریز کھیلی تھی۔