دبئی: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا رنگا رنگ میلہ سج گیا جس میں ملکی اورغیرملکی فنکاروں نے اپنی پرفارمنس سے تقریب کو چار چاند لگادیئے۔
چھکے، چوکے اور وکٹیں گرتے دیکھنے کے لیے بے تاب شائقین کرکٹ کا انتظارختم ہوا، پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگیا۔
پی ایس ایل سیزن فور کی افتتاحی تقریب میں جنون گروپ نے جنون کے سُر بکھیرے، آئمہ بیگ نے دلوں کے تار چھیڑے جب کہ فواد خان نے ایونٹ کا ٹائٹل سانگ گا کر رنگ جمایا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے پی ایس ایل میں شریک ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ساتھ ہی انہوں نے یو اے ای کی حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سپرلیگ دنیا کی بڑی لیگ میں سے ایک ہے۔
افتتاحی تقریب سےمتحدہ عرب امارات کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان نے بھی خطاب کیا جس میں انہوں نے پی ایس ایل میں شامل تمام کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہماری حکومت یو اے ای میں پاکستان کرکٹ کو مکمل تعاون فراہم کرتی ہے۔
واضح رہے کہ ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے، دبئی، ابوظہبی اور شارجہ میں 26 میچز جب کہ فائنل سمیت 5 میچز کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم اور 3 میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے۔