|

وقتِ اشاعت :   February 16 – 2019

کوئٹہ: وفاقی تحقیقاتی ادارے نے سی ایس ایس کے امتحانی پرچے لیک کرنے والے سرکاری ملازمین کے ایک گروہ کو بے نقاب کرکے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ہونیوالے ملزمان میں فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے بلوچستان کے انچارج اور لاہور کے ایک ایکسائز اینڈ ٹیکیسشن آفیسر بھی شامل ہیں۔ ملزمان لاکھوں روپے لیکر سی ایس ایس کے پرچے امتحان شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل آؤٹ کرتے تھے۔ 

14 فروری سے شروع ہونیوالے سینٹرل سپیریئر سروس(سی ایس ایس )کے تحریری امتحان اسلام آباد، کراچی، لاہور ، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے انیس بڑے شہروں میں قائم امتحانی مراکز میں لئے جارہے ہیں۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق انہیں اطلاع ملی تھی کہ بعض افراد سی ایس ایس کے پرچے غیر قانونی طریقے سے لیک کرکے امیدواروں کو فروخت کررہے ہیں۔ 

اس اطلاع پر ایف آئی اے نے لاہور کے کچا لارنس روڈ پر چھاپہ مار کر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر لاہور سید تجمل حسین نقوی کو گھر سے گرفتار کرلیا۔ ملزم کے موبائل فون قبضے میں لیکر اس کی نشاندہی پر ایک اور ملزم انجینئر شہزاد سیال کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

دونوں ملزمان نے تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ اس جرم میں ان کے ساتھ فیڈرل پبلک سروس کمیشن بلوچستان کے انچارج اسسٹنٹ ڈائریکٹر خالد حسین مغیری ، محکمہ جیل خانہ جات پنجاب کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ اویس شریف اورریجنل ٹیکس آفس ملتان کے انسپکٹر سجادبھی شامل ہیں۔ ایف آئی اے نے اینٹی کرائم سرکل تھانہ لاہور میں مذکورہ ملزمان اور نامعلوم طلبہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس اسکینڈل کی تحقیقات شروع کیں۔

ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزم انجینئر شہزاد سیال نے دوران تفتیش یہ اعتراف بھی کیا کہ فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے کوئٹہ میں نگراں خالد حسین مغیری سی ایس ایس کے پرچے امتحان شروع ہونے سے ایک سے دو گھنٹے قبل انہیں وٹس اپ کرتا تھا اور وہ اسے ای ٹی او لاہور سید تجمل حسین نقوی کو بھیج دیتا تھا۔

تجمل نقوی اس پرچے کو لیک کرکے اس کے عیوض امیدواروں سے بھاری رقوم وصول کرتے تھے۔رقم میں سینو لاکھ اسی ہزار روپے کا حصہ ریجنل ٹیکس آفس ملتان کے انسپکٹر سجاد کے ذریعے خالد حسین مغیری کیملتان کے ایک بینک اکاؤنٹ میں بھیجے گئے۔ملزمان کیبیانات اورتفتیش کے دوران ملنے والے شواہد کی روشنی میں ایف آئی اے لاہور کی درخواست پر کوئٹہ میں تعینات فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر خالد حسین مغیری کو ایف آئی اے بلوچستان کی ٹیم نے گرفتار کیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق خالد حسین مغیری کو لاہور منتقل کیا جائیگاجس کیلئے مقامی عدالت سے راہداری ریمانڈ حاصل کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اسکینڈل میں ملوث باقی ملزمان کی گرفتاری کیلئے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں۔