کراچی: پی ایس ایل فور کے گروپ میچز کیلیے آن لائن ٹکٹوں کی خریداری میں شائقین کرکٹ کی جانب سے عدم دلچسپی حیرت کا باعث بن گئی۔
جمعرات اور جمعہ کی شب 12 شروع ہونیوالی آن لائن فروخت کے پہلے مرحلے میں لاہور اورکراچی میں ابتدائی چار راؤنڈ میچز کے ٹکٹ فروخت کے لیے پیش کیے گئے، 7 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم پرکراچی کنگز اور پشاور زلمی کے ٹاکرے کیلیے جنرل اور فرسٹ کلاس انکلوژرزکے مختص 500 اور ایک ہزار روپے مالیت کے تمام ٹکٹ فروخت ہوگئے جن میں انتخاب عالم، اقبال قاسم، محمد برادران ، وسیم باری کے ساتھ ماجد خان اور وقارحسن انکلوژرز شامل ہیں، تاہم 2 ہزار روپے کی مالیت والے پریمیئرکیٹیگری کے ٹکٹ ہنوز خریداروں کے منتظرہیں جن میں عمران خان، وسیم اکرم اور ظہیر عباس انکلوژرز شامل ہیں۔
اسی طرح فضل محمود انکلوژر میں2500اورحنیف محمد انکلوژرکے3 ہزار روپے کی مالیت والے وی آئی پی ٹکٹ بھی خریداروں کی توجہ نہیں حاصل کرسکے۔
دوسری جانب لاہور کے قذافی اسٹیڈیم پر 9 مارچ کو لاہور قلندر اوراسلام آباد یونائیٹڈ جبکہ 10 مارچ کوکراچی کنگز اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرکے درمیان طے گروپ میچز کے لیے جنرل اور فرسٹ کلاس کیٹیگری کے تمام ٹکٹ فروخت ہوگئے، تاہم 9 مارچ کے لیے 2 اور 3 ہزار روپے والے ٹکٹ خریداروں کی راہ تک رہے ہیں،10 مارچ کے لیے 2 ہزار روپے والے ٹکٹ فروخت ہوگئے لیکن 2500 اور3 ہزار روپے والے ٹکٹ آن لائن فروخت کے لیے موجود ہیں۔
10 مارچ ہی کو کراچی کے نیشنل اسٹیدیم پر لاہور قلندراور ملتان سلطانز کے میچ میں شائقین نے بھرپور دلچسپی لیتے ہوئے 500 ، ایک اور2 ہزار روپے والے تمام ٹکٹ حاصل کرلیے، مگرڈھائی اور 3 ہزار روپے والے وی آئی پی ٹکٹ دستیاب ہیں۔
واضح رہے کہ پلے آف اور فائنل کے لیے آن لائن ٹکٹ 20 فروری سے دستیاب ہوں گے، مقررہ کوریئر سروس ادارے کے تحت مخصوص ایکسپریس مراکز پر25 فروری سے عوام کو ٹکٹ دستیاب ہوں گے، آن لائن 20 فیصد ٹکٹس فروخت کے لیے رکھے گئے ہیں جبکہ ان کی ہوم ڈیلیوری 22 فروری سے شروع ہوگی، فائنل کیلیے یہ شرح بالترتیب 5سو،2ہزار،4 ہزار اور 8 ہزار روپے رکھی گئی ہے۔