کوئٹہ: حکومت اور حزب اختلاف کی جماعتوں نے پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کی چیئرمین شپ کیلئے بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن اسمبلی اختر حسین لانگو کے نام پر اتفاق کرلیا۔
19 قائمہ کمیٹیوں میں سے حزب اختلاف کو 7 حکومت اور اتحادی جماعتوں کو 10 کمیٹیوں کی سربراہی دی جائیگی۔ ذرائع کے مطابق حکومت اورحزب اختلاف کے درمیان پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ سمیت قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل کے معاملات پر اتفاق ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین کیلئے اختر حسین لانگو کے نام پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔
حز ب اختلاف کی جماعت بلوچستان نیشنل پارٹی کے اراکین اسمبلی کو پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ، سی اینڈ ڈبلیو، ایریگیشن اور سوشل ویلفیئر کی قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی دی جائیگی۔ جمعیت علماء اسلام کو ایجوکیشن ،ایگری کلچر سمیت ایک اور محکمہ کی قائمہ کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا جائیگا۔حکومت اور اتحادی جماعتوں کے اراکین اسمبلی کو 10 قائمہ کمیٹیوں کی سربراہی دیئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین سمیت قائمہ کمیٹیوں کے سربراہان کی تعیناتیوں کانوٹیفکیشن ایک دو روز میں جاری کردیا جائیگا۔روزنامہ آزادی کے رابطہ کرنے بلوچستان نیشنل پارٹی کے اختر حسین لانگو نے بھی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کیلئے انہیں نامزد کئے جانے کی تصدیق کی ہے۔
بلوچستان ، پی اے سی کے چیئرمین شپ کیلئے اختر حسین کے نام پر اتفاق
وقتِ اشاعت : February 16 – 2019