|

وقتِ اشاعت :   February 16 – 2019

 لندن: پاکستان کے معروف پاپ گلوکار زوہیب حسن نے ان کا گیت بغیر اجازت گانے پر پاکستان سپر لیگ انتظامیہ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کر دیا۔

پاکستان سپرلیگ کے سیزن فور کی شاندار افتتاحی تقریب دبئی میں منعقد ہوئی جس میں مختلف گلوکاروں کی جانب سے پرانے گانوں پر پرفارمنس پیش کی گئی۔ ستر کی دہائی کے پاپ گلوکار بونی ایم نے سب سے پہلے محفل لوٹنے کی کوشش کی جس کے بعد دور حاضر کی گلوکارہ آئمہ بیگ اور شجاع حیدر نے 1981ء کے نازیہ حسن اور زوہیب حسن کے گائے ہوئے ہر دل عزیز گیت ’ڈسکو دیوانے‘ کا ری مکس پیش کیا۔

 

اپنے گائے ہوئے گیت کو ٹی وی اسکرینوں پر چلتا دیکھ کر لندن میں موجود نازیہ حسن کے بھائی اور ساتھی سنگر زوہیب حسن نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی پر عدالت جانے کا اعلان کردیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ بغیر اجازت گانا چلانے پر پی ایس ایل جیسی مشہور کرکٹ لیگ نے انہیں صدمہ پہنچایا۔