|

وقتِ اشاعت :   February 18 – 2019

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع پنجگورمیں میں گھات لگائے نامعلوم دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایف سی کے چار جوان شہید ہوگئے۔ ایف سی حکام کے مطابق واقعہ اتوار کی صبح تقریباً نو بجے پنجگور سے تقریباً 70 کلومیٹر دور تربت کی طرف گوارگو کے علاقے گوران میں پیش آیاجہاں تربت کو پنجگور سے ملانے والی این اے 85سی پیک شاہراہ کی حفاظت پر مامور فرنٹیئر کور بلوچستان پنجگور رائفلز 59 ونگ کے اہلکارپر حملہ کیا گیا۔

ایف سی کے چار اہلکارایک چیک پوسٹ سے پہاڑی پر قائم دوسری چیک پوسٹ کی طرف جارہے تھے کہ بلندی پر پہلے سے گھات لگائے دہشتگردوں نے اچانک حملہ کردیا۔ جدید ہتھیاروں سے لیس حملہ آوروں نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے ہتھیاروں سے اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ 

ایف سی اہلکاروں نے بھی جوابی فائرنگ کی تاہم زیادہ دیر مقابلہ نہ کرسکے اور گولیاں لگنے سے چاروں اہلکار شہید ہوگئے۔ حملہ آور شہید اہلکاروں کا اسلحہ اور وائرلیس سیٹ بھی اپنے ہمراہ لے گئے اور نامعلوم مقام کی طرف فرار ہوگئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پنجگور اور قریبی چیک پوسٹوں سے ایف سی کی اضافی نفری موقع پر پہنچی اورلاشوں کو ایف سی ہیڈ کوارٹر پنجگور پہنچایا۔ شہید اہلکاروں کی شناخت لانس نائیک عبدالرحمان،سپاہی نعمان، سپاہی نصیب اللہ اور سپاہی حق نوازکے طور پر ہوئی۔ 

چاروں شہداء کی نماز جنازہ ایف سی ہیڈکوارٹر میں ادا کی گئی جس میں ایف سی کے سیکٹر کمانڈربریگیڈیئر عرفان افتخار نے شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کی گئیں۔ لانس نائیک عبدالرحمان اور سپاہی نعمان کا تعلق خیبر پشتونخوا کے ضلع لکی مروت ، سپاہی نصیب اللہ کا تعلق بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ کی تحصیل مسلم باغ جبکہ حق نواز کا تعلق بلوچستان کے ضلع کوہلو سے تھا۔

حملے کی ذمہ داری علاقے میں سرگرم علیحدگی پسند کالعدم تنظیموں کے اتحاد نے قبول کی ہے۔ بلوچستان میں ایف سی پر دو دن کے دوران یہ دوسرا حملہ ہے۔ایک روز قبل صوبے کے شمال مشرقی ضلع لورالائی میں نامعلوم دہشتگردوں نے ایف سی کے دو اہلکاروں کو گولیاں مار کر شہید کردیا تھا۔