لاہور: ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے شاہد آفریدی کا سب سے زیادہ 476 چھکے لگانے کا ریکارڈ توڑ دیا۔
ورلڈکپ 2019 کے بعد ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہنے کا اعلان کرنے والے کرس گیل نے یہ اعزاز انگلینڈ کے خلاف کنگسٹن اوول میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں اپنے نام کیا۔کرس گیل نے 135رنز کی اننگز میں 12 چھکے رسید کیے۔ وہ اب تک مجموعی طورپر 477 چھکے اپنے نام کے آگے درج کروانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ صرف 444 ویں میچ میں انجام دیا ہے۔
اس سے پہلے انٹرنیشنل کرکٹ میں 476 چھکے لگا کر شاہد آفریدی نے یہ ریکارڈ بنارکھا تھا۔بوم بوم لالہ نے سب سے زیادہ چھکوں کے لیے 524 میچز کھیلے ہیں۔کرس گیل نے ون ڈے کرکٹ میں 276، ٹی ٹوئنٹی میں 103 اور ٹیسٹ میچز میں 98چھکے لگاکر شہرت کی بلندیوں کو چھوا ہے۔
اس لسٹ میں تیسری پوزیشن برینڈن میکولم کے پاس ہے جن کے مجموعی چھکوں کی تعداد 398 ہے، جے سوریا 352 چھکوں کے ساتھ چوتھے اور روہت شرما 349 چھکوں کے ساتھ پانچ ویں نمبر پر ہے۔