|

وقتِ اشاعت :   February 21 – 2019

کوئٹہ: کوئٹہ میں بھتہ خور گروہ سرگرم ہوگیا۔ ایک ہی دن میں بھتہ نہ دینے پر سرکاری افسر کے گھر اور تاجر کے شوروم پر دیسی ساختہ اور دستی بم سے دوحملے کئے گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق بدھ کوکوئٹہ کے تھانہ گوالمنڈی کی حدود میں حاجی غیبی روڈ پر محمد اکرم نامی شخص کے گھر پر نامعلوم افراد نے بم پھینکا جو گھر کے اندر صحن میں گرگیا تاہم پھٹ نہ سکا۔ 

گھر کے مالک نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بم کو ناکارہ کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہناکارہ کیا گیا بم دیسی ساختہ کریکرتھا جو خوف و ہراس پھیلنے کیلئے پھینکا گیا تھا۔ واقعہ میں بھتہ خور عناصر ملوث ہوسکتے ہیں۔ گھر کے مالک محمد اکرم بورڈ آف ریونیو میں آفیسر ہیں اور انہوں نے بتایا ہے کہ انہیں کئی دنوں سے نامعلوم افراد انہیں دھمکی آمیز فون کررہے تھے۔ 

ادھر کوئٹہ کے پولیس تھانہ شہید منظور ترین کی حدود میں سریاب روڈ پر مدینہ سی این جی پمپ کے قریب واقع گاڑیوں کے ایک شوروم پر نامعلوم افراد نے دستی بم پھینکا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دستی بم لگنے سے گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے تاہم خوش قسمتی سے دستی بم پھینک نہ سکا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر بم کو ناکارہ بنادیا۔ شوروم کے مالک نواز شاہوانی بتائے جاتے ہیں جنہوں نے کرایے پر یہ شوروم جیلانی شاہوانی کو دے رکھا ہے۔ پولیس نے دونوں افراد سے پوچھ گچھ کی ہے اور ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ بھتہ نہ دینے پر نامعلوم افراد نے شوروم پر یہ حملہ کیا ہے۔ پولیس نے دونوں واقعات کی مختلف پہلوؤں پر تحقیقات شروع کردی ہیں۔