|

وقتِ اشاعت :   February 25 – 2019

شارجہ: پی ایس ایل کے پندرہویں میچ  میں کولن انگرم کی شانداری سنچری کی بدولت کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈ ایٹرز کو ہرا دیا۔

ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست رہنے والی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا 187 رنز کا بڑا ہدف کراچی کنگز نے 4وکٹوں پر حاصل کرلیا، بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کولن انگرم کی 127 رنز کی ناقابل شکست اننگز فتح گر ثابت ہوئی اور گلیڈی ایٹرز کے جبڑے سے کامیابی چھین لی۔

انگرم نے 59 گیندوں پر 127 رنز بنائے جس میں 12 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے جب کہ بابر اعظم صفر،منرو3،اویس ضیا19اور  لیونگسٹن 18رنز پر پویلین لوٹے، ڈنک 15 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیتا اور فلیڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔

گلیڈی ایٹرز کے بلے بازوں نے حریف بولرز کی خوب جم کر پٹائی کی، عمر اکمل اور روسو نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے لیے زبردست ٹوٹل  بنایا،گلیڈی ایٹرز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 185 رنز بنائے،  عمراکمل نے  صرف 37 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 55 رنز بنائے جب کہ روسو نے 44 رنز کی باری کھیلی جس میں ایک چھکا اور 4 چوکے شامل تھے، انور علی نے بھی لاٹھی چارج کیا اور صرف 6 گیندوں پر 27 رنز بنائے جس میں 4 شاندار چھکے بھی شامل تھے۔شیٹن واٹسن 24،احسن علی 7 اور اسمتھ 9 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

کراچی کنگز کی جانب سے عامر یامین نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں،محمد عامر اور عمر خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔