تربت: صوبائی وزیر اطلاعات وہائر ایجوکیشن میر ظہوراحمدبلیدی کا 1ارب32کروڑ روپے کی لاگت سے زیرتعمیر تربت بلیدہ شاہراہ کے منصوبے کامعائنہ ، رواں سال جون تک منصوبہ پر کافی پیش رفت ہوگی اور عوام کادیرینہ مسئلہ حل ہوجائے گا۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کی شام تربت بلیدہ شاہراہ کے تعمیراتی کام کے معائنہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا اس موقع پرپروجیکٹ ڈائریکٹرکمشنر مکران ڈویژن سیدال خان لونی، معروف شخصیات میرگل خان بلیدی، شے برکت بلوچ، احمدجان بلوچ ،ظفراختربلیدی ،ٹھیکیدار اخترابابگر ودیگر ان کے ہمراہ تھے ، صوبائی وزیر اطلاعات وہائر ایجوکیشن میر ظہوراحمدبلیدی نے کہاکہ 19کلومیٹر لمبی اس سڑک کی کل لاگت 1ارب 32کروڑ روپے ہے ۔
انہوں نے سڑک کی منصوبے کاپس منظر بتاتے ہوئے کہاکہ تربت بلیدہ شاہراہ کی تعمیرکے منصوبہ کاآغاز1994ء میں شہید ایوب بلیدی نے کرایاتھا مگربعدمیں ان کی شہادت کے بعد یہ منصوبہ تعطل کاشکاررہا ۔
2008ء میں جب مجھے عوام کی نمائندگی کاموقع ملاتومیں نے اسے ایک پروجیکٹ کی شکل دلواکر اس پرکام شروع کرایا اور کمشنر مکران ڈویژن اس پروجیکٹ کے پروجیکٹ ڈائریکٹرمقررکردئیے گئے مگر اس منصوبہ پرکئی بار دہشت گردوں کے حملہ کے باعث اس پرکام بند رہا اب اس پر دوبارہ کام کاآغازکردیاگیاہے ۔
انہوں نے کہاکہ صوبائی کابینہ نے گزشتہ ماہ اپنے اجلاس میں اس اہم منصوبہ کیلئے50کروڑ روپے فنڈزکی منظوری دی اور اس بات کا اعادہ کیاکہ آئندہ جب بھی ضرورت پڑی تو اس کیلئے فنڈزمختص کیئے جائیں گے جبکہ پی ایس ڈی پی میں بھی 10کروڑ روپے رکھے گئے تھے۔
انہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ بلیدہ زعمران کے عوام کا ایک دیرینہ اور اہم مطالبہ رہاہے اور انتہائی اہم نوعیت کامنصوبہ ہے ، موجودہ صوبائی حکومت نے اس پرکام تیزکردیاہے انشاء اللہ رواں سال جون تک اس منصوبے میں کافی پیش رفت آئے گی ۔
تربت بلیدہ شاہراہ ایک ارب 32 کروڑ کی لاگت سے مکمل ہوگا ،ظہور بلیدی
وقتِ اشاعت : February 28 – 2019