|

وقتِ اشاعت :   March 1 – 2019

کوئٹہ: پاک افغان سرحدی ضلع چاغی میں افغان مہاجر کیمپ میں سلنڈر پھٹنے سے دو افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ 

کوئٹہ میں گیس لیکیج دھماکے سے دو افراد زخمی ہوگئے۔ لیویز کے مطابق چاغی کے ضلعی ہیڈ کوارٹر دالبندین سے تیس کلو میٹر فاصلے پر واقع افغان مہاجر کیمپ گردی کے بازار میں ویلڈنگ کی دکان میں گیس سلنڈر اچانک زوردار دھماکے پھٹ گیا۔ دھماکے سے 5 سالہ شفیع اللہ ولد حاجی بقیع گل قوم لغمانی اور 14سالہ سعد اللہ ولد راز محمد قوم نورزئی موقع پر جاں بحق ہوگئے ۔دو افراد حمید اللہ ولد شفیع اللہ اور احمد ولد عزت اللہ شدید زخمی بھی ہوئے ۔ 

زخمیوں کو دالبندین ہسپتال پہنچایا گیا جہاں حمید اللہ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے انہیں مزید علاج کیلئے کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ ادھر کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے ٹیچر کالونی میں جمعرات کو ایک گھر کے کمرے میں گیس کے اخراج کے باعث دھماکا ہوا۔ دھماکے سے خاتون اور بچی جھلس کر زخمی ہوگئیں جنہیں فوری طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔