|

وقتِ اشاعت :   March 1 – 2019

لاہور: دبئی میں پی ایس ایل کے میلے کا جمعے کو اختتام ہو جائیگا جب کہ ابوظبی میں چار میچز کے بعد رونقیں پاکستان منتقل ہو جائیں گی۔

14 فروری کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں رنگارنگ تقریب سے پی ایس ایل فور کا آغاز ہوا تھا، اب جمعے کو وہاں میچز کا اختتام ہو جائیگا، اسکے بعد ابوظبی میں چار میچز کا انعقاد ہوگا ، پھر7مارچ سے لیگ پاکستان منتقل ہو جائے گی۔

جمعے کودبئی میں2 میچز کھیلے جائیں گے،7مقابلوں میں 4 فتوحات حاصل کرنے والی ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ پشاور زلمی سے ہوگا، ڈیرن سیمی الیون 6میچز کھیل کر 4 میں سرخرو ہوئی ہے، دوسرے مقابلے میں 6 میچ کھیل کر 4 میں کامیابی حاصل کرنے والے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 7مقابلوں میں صرف 2فتوحات حاصل کرنے والے ملتان سلطانز پر کاری وار کرنے کیلیے کوشاں ہوں گے۔

دریں اثنا بدھ کی شب کھیلے جانے والے دوسرے میچ میں متبادل کھلاڑی محمد رضوان کا ڈراپ کیچ کراچی کنگز کو لے ڈوبا، ناکام ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8وکٹ کے نقصان پر 168 رنز بنائے تھے، اس میں بابر اعظم کے 68 اور لیونگ اسٹون کے صرف 31 گیندوں پر 56 رنز شامل رہے، رومان رئیس نے 3 وکٹیں لیں۔

اسلام آباد یونائٹیڈ نے کیمرون ڈیلپورٹ کی وکٹ پہلے ہی اوور میں گنوا دی، بعد ازاں عمر خان نے ایک ہی اوور میں لیوک رونکی (26) اور حسین طلعت(1) کو چلتا کر دیا، بحالی کا سفر شروع کرنے والے آصف علی نے 11 گیندوں پر 13 رنز بنائے، مطلوبہ رن ریٹ 10کے قریب تھا کہ محمد عامر کی گیند پر کور میں موجود متبادل فیلڈر  محمد رضوان نے کیچ ڈراپ کردیا، موقع پاتے ہی آصف علی نے رنز کی برسات کردی۔

جارح مزاج بیٹسمین نے صرف 38 گیندوں پر 6چھکوں اور 5 چوکوں سمیت 70 کی اننگز کھیلی، انھیں محمد عامر نے آؤٹ  کیا تو ٹیم کو 23 گیندوں پر صرف 29 رنز درکار تھے، آصف کی فل سالٹ (46) کے ہمراہ 93 رنز کی شراکت نے کراچی کنگز کو فتح سے دور کردیا، شاداب خان نے آخری اوور میں چھکا جڑ کر ٹیم کی 5 وکٹ سے فتح پر مہر تصدیق ثبت کی تو 4گیندیں باقی تھیں۔