|

وقتِ اشاعت :   March 1 – 2019

کوئٹہ+اندرون بلوچستان: کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بھی بھارتی جارحیت کے خلاف اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں۔ کوئٹہ میں اہلسنت و الجماعت اور مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کی جانب سے ریلیوں کا انعقاد کیاگیا۔ کوہلو، قلات، چاغی، نوکنڈی، چمن،موسیٰ خیل اور دیگر شہروں میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ 

کوئٹہ میں انجمن تاجران کی ریلی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پہنچی اور مظاہرے کی شکل اختیار کرگئی ۔ مظاہرے میں تاجربرادری اورکوئٹہ کی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔شرکاء نے سبزہلالی پرچم اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی جارحیت کی مذمت اور پاک فوج سے محبت سے متعلق نعرے درج تھے ۔

مرکزی انجمن تاجران بلوچستان (رجسٹرڈ )کے سینئرنائب صدر حضرت علی اچکزئی ،چیئرمین تاج آغا ، ممتاز تاجر ڈاکٹر ہارون اچکزئی ،حاجی راز محمد ، قاری عبید اللہ درانی اور قیوم کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے افواج پاکستان اور فضائیہ کے شاہینوں کو خراج تحسین پیش کی اور کہاکہ بھارتی دراندازی کا منہ توڑ جواب اور پائلٹ کی گرفتاری پوری دنیا نے دیکھ لی ہیں اب مودی سرکار اور بھارتی فوج کو پتہ چل گیاہوگا کہ پاکستانی فوج بحریہ اور فضائیہ کے پاس ہردشمن کے دانت کٹے کرسکتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کا ہر تاجر اور شہری ملک کی خاطر مرمٹنے کو تیار ہے بلکہ 22کروڑ عوام پاک فوج کی شانہ بشانہ کھڑی ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جو کسی بھی صورت جنگ نہیں چاہتا تاہم اگر دشمن کی جانب سے پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی توا س کاانجام بھارت جیسا ہوگا انہوں نے کہاکہ تاجر برادری اور عوام پاکستانی فوج کے ہرکڑے امتحان میں ساتھ ہے اور وہ ملک کی دفاع کی خاطر کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ۔

اہلسنت و الجماعت کی جانب سے بھی ریلی نکالی گئی اور پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے بھارت کے خلاف نعرے لگائے اور مطالبہ کیا کہ بھارتی جارحیت کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھایا جائے۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ملک کے دفاع کیلئے پاکستان کا ہر شہری افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔

کوہلو میں پاکستان تحریک انصاف ،انصاف سٹوڈنٹ فیڈریشن اور اہلیان کوہلو کی طرف سے بھارت کی جارحیت کے خلاف ریلی نکالی گئی جس میں قبایلی رہنماء حاجی میر بہار خان مری و دیگر قبایلی رہنماوں و شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ہے ۔

ریلی بینک چوک سے شروع ہوکر شہر کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے احتجاجی مظاہرے کی شکل میں ٹریفک چوک پہنچا جہاں قبایلی رہنماء حاجی میر بہار خان مری،بہاول مری ،علی احمدکرد ،منظور مری و دیگر مقررین نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کشمیر میں اپنی جارحیت فوری طور پر بند کریے مودی کی حکومت سیاسی مقاصد کے لئے خطے میں جنگ کا ماحول پیدا کررہی ہے جس پر اقوام متحدہ ایکشن لے ۔

پاک فوج بزدل دشمن کو ناکوں چنے چبوانے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔پاکستان نے ہمیشہ امن کو ترجیح دی ہے ۔ انہوں نے کہا اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر بھارتی جارحیت کا نوٹس لیا جائے ۔لسبیلہ کے علاقے وندرمیں پاکستان زندہ بادریلی نکالی گئی ۔

ریلی کے شرکاء سے عبدالستارانگاریہ،کامریڈمحمدسلیم بلوچ،مہراللہ الفت، ڈاکٹرنورمحمدانگاریہ، نورالسلام، امیربخش دودا ، مولوی حیات بلوچ ، دولت خان و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے ثابت کردیاکہ وہ مادروطن کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت بیدارہیں ۔

بروقت کارروائی کرتے ہوئے دوبھارتی لڑاکاطیاروں کومارگرایااورایک پائلٹ کوگرفتارکرکے ساری دنیاکوپیغام دے دیاہے کہ کوئی بھی وطن عزیزکی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتااگرکسی کی بری نظرپاکستان کی طرف اٹھی توپوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اوردشمن کے دانت کھٹے کردیں گے ہم پرامن قوم ہیں لیکن اگرکوئی جارحیت کرے گاتوجنگ کے لیے پوری قوم تیارہے ۔

چاغی کے علاقے دالبندین میں بھارتی جارحیت کے خلاف الفتح پینل کے زیر اہتمام ریلی نکالی گئی جس کی ریلی کی قیادت پیپلز یوتھ کے سابق ضلعی صدر میر آحمد محمد حسنی کررہے تھے ریلی کے شرکاء نے مودی سرکار کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی ۔ریلی کے شرکا ء سے میر احمد محمد حسنی ،ممتاز قبائلی رہنما حاجی ملک خدا بخش سیاہ پاد رند ،میر بدل خان نوتیزئی ،حاجی حنیف نوتیزئی ،سنگت ثناء بہادرزئی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کوکمزور سمجھنا بھارت کی بھول ہے ، افواج پاکستان ملک کے دفاع کی صلاحیت رکھتی ہیں اور پاکستانی قوم اپنے افواج کے ساتھ ہیں۔ 

دالبندین میں بھارتی جارحیت کے خلاف بابائے چاغی پینل کی جانب سے بھی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت قبائلی رہنما میر ثناء اللہ نوتیزئی کررہے تھے۔ شرکاء نے ایک سو میٹر طویل پاکستانی پرچم بھی اٹھا رکھا تھا ۔شرکاء نے دالبندین کے مرکزی چوک پر بھارتی جھنڈے کو نذر آتش کر دیا ۔

اس موقع پر قبائلی رہنما میر ثناء اللہ خان نوتیزئی ،قاری سعد اللہ نوتیزئی ،میر الیاس نوتیزئی ،پیپلز پارٹی کے رہنما میر شاہ نواز رئیسانی ،ملک مقصود سمالانی ،اسرار سیاہ پاد ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاک فوج نے بھارتی جارحیت پر ہندوستان کو منہ توڑ جواب دیا جس پراپنی فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ہم اپنے فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔

چاغی کے علاقے نوکنڈی میں خان پینل نوکنڈی کی جانب سے بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی اورمظاہرہ کیاگیا ریلی میں پاکستان کے حق میں اور انڈیا کے خلاف شدیدنعرے بازی کی گئی مظاہرین نے مودی کی تصویراوربھارتی جھنڈے کونذر آتش کیا۔ 

ریلی کی قیادت خان پینل کے سربراہ اور چیئرمین سینیٹ کے والد آصف خان سنجرانی نے کی۔ حاجی تاج محمدکبدانی،حاجی امان اللہ مینگل،سرداراعظم برہانزئی،حاجی عبدالباری محمدحسنی،سرداراسحاق محمدزئی اورحاجی یارمحمدمینگل سمیت دیگر عمائدین بھی ریلی میں شریک ہوئے۔ مقررین نے کہا کہ انڈیا کی جارحیت کے خلاف پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے ملک کی ایک ایک انچ کی دفاع کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے گریز نہیں کیا جائے گا ۔

قلات میں بلوچستان عوامی پارٹی کے زیر اہتمام پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی ریلی نے شہرکے مختلف سڑکوں پر مارچ کیا اور پاک فوج زندہ باد اور انڈیا مردہ باد کے خوب نعرے لگائے ۔

ریلی کی قیادت قلات کے قبائلی رہنماء سخی میر عبدالرحیم سمالانی نے کی جنہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی جانب سے انڈیا کو جواب دینے پر پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہو گیا ہیں اور ہم اپنے فوج کو اس کامیابی پر سلام پیش کرتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی مذہبی اور قوم پرست جماعتیں پاک فوج کے ساتھ ہیں اور ہم ملک کی دفاع کے لیئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ ملک کو جب بھی ہماری ضرورت پڑی بلوچستان کے لوگ کسی سے پیچھے نہیں ہوں گے۔ 

پاک افغان سرحدی شہر چمن میں بھی ہندوستانی جارحیت کے خلاف مختلف تنظیموں اورپشتون قبائل کی جانب سے احتجاج کیاگیا۔ پریم یونین کی جانب سے ریلوے اسٹیشن پر ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کے پتلے کو ٹرین کے نیچے پھینک کر احتجاج کیا گیا۔ 

پشتون قبائل کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کمپلیکس سے ریلی شروع ہوئی اور مال روڈ سے ہوتے ہوئے ایدھی چوک پر اختتام پذیر ہوئی ۔ریلی میں انجمن تاجران ،پاکستان مسلم لیگ ق ،مظلوم اولسی تحریک ،تحریک نوجوانان پاکستان،اوردیگرتنظیموں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔مظاہرے میں اقلیتی برادری کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔ریلی کے شرکاء نے ہندوستانی پرچم پر پٹرول چھڑک کر آگ لگادی اورہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی کے تصاویر وں کوبھی نذرآتش کیا۔

احتجاجی مظاہرین نے ہندوستانی بزدلی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور یہ عہد کیا ہم ہندوستا ن کے خلاف ہروقت پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔

موسیٰ خیل میں پاکستان تحریک انصاف کے زیر ریلی نکالی گئی جس سے ضلعی صدر عالم خان ، سردار حاجی رضاخان ، ملک اختر اور دیگر مقررین نے خطاب کیا اور کہا کہ وطن عزیز کی آزادی سے لیکر دفاع کیلئے لڑی جانیوالی مختلف جنگوں میں موسیٰ خیل قبائل کے افراد ہمیشہ شریک رہے ہیں ۔اس بار بھی جنگ ہوئی تو افواج کے شانہ بشانہ لڑنے کیلئے قبائلی لشکر بھیجیں گے۔