کوئٹہ ،اندرون بلوچستان : کوئٹہ سمیت اندرون بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفبار ی کے بعد موسم مزید سرد ہو گیاجبکہ مختلف واقعات میں ایک بچہ جاں بحق اور 21 افراد زخمی ہوگئے ، زیارت رود ملازئی میں برفباری جبکہ قلات،خضدار، خالق آباد،دالبندین، نوکنڈی ، تربت، خانوزئی چمن سمیت کوئٹہ میں بارش کے بعد موسم مزید سرد ہو گیا۔
، خضدار کے علاقے کوشک کے مقام پر مکان کی چھت گر نے دس سالہ بچہ جاں بحق تین افراد زخمی پھسلن کے واقعات کے باعث8افراد زخمی بھی ہو گئے،کوئٹہ میں جمعہ کی شام شروع ہونے والی بارش کے بعد موسم مزید سرد ہو گیا محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں درجہ حرارت 2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرد ہواوں کے باعث موسم میں خنکی بڑھنے سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا ۔
خضدار میں جمعہ کے روز الصبح شرو ع ہونے والی بارش رات گئے تک جاری رہی جس کے باعث نشیبی علاقے زیر اب آ گئے جبکہ کوشک کے مقام پر ایک مکان کی چھت گرنے سے دس سالہ بچہ جاں بحق تین افراد زخمی ہو گئے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر خضدار میجر (ر) محمد الیاس کبزئی موقع پر پہنچ گئے ۔
لیویز فورس کے جوانوں نے بچے کی نعش اور زخمیوں کو ملبے تلے نکال ہر ہسپتال پہنچایا جہاں زخمیوں کی علاج جاری ہے جبکہ متاثرین کو متبادل جگہوں پر منتقل کر دیا گیا ڈپٹی کمشنر خضدار نے ندی نالوں کے قریب رہنے والی آبادی کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا ہے کہ آج بھی بارشوں کا امکان ہے اس لئے ند ی نالوں کے قریب رہنے والے لوگ محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو جائیں ۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ہم نے ضلع بھر میں الرٹ جاری کر دیا ہے تمام محکمے کسی بھی نا خوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔اسی طرح بلوچستان کے علاقے خانوزئی میں بھی بارش اور رود ملازئی اور نواحی پہاڑی علاقوں میں تین انچ برفباری کے بعد موسم شدید سرد ہو گیا جبکہ رابطہ سڑکوں پر پھسلن کے واقعات کے باعث8افراد زخمی بھی ہوئے ۔
سردی اور برفباری کے بعد خانوزئی رودملازئی اور توبہ کاکڑی سمیت دیگر علاقوں میں پہاروں پر برفباری کے بعد موسم میں شدت کے بعد شہری گھروں میں مقید ہوکر رہ گئے چمن شہر اورگردونواح میں موسلا دھار بارش اور کئی مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی موسلا دھار بارش کے باعث چمن کے مختلف نشیبی علاقے زیر آب آگئے پشین قلعہ عبداللہ گلستان دکی اور میزئی اڈہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی زیارت اور نواحی علاقوں کواس زندرہ سمیت ملحقہ وادیوں میں برفباری کا سلسلہ جاری رہا شدید سردی کے باعث شہری گھروں میں مقید ہو کر رہ گئے کوژک ٹاپ پر بھی برفباری کے بعد کوئٹہ چمن شاہراہ پر آمد و رفت معطل ہو کر رہ گئی کوہ خواجہ عمران توبہ اچکزئی توبہ کاکڑی کا ن مہترزئی خانوزئی اور برشور میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔
قلات شہر اور گردونواح میں گزشتہ روز سہ پہر سے وقفے وقفے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا بارش سے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے حالیہ بارشوں سے بارانی زمینوں کی فصلوں گندم زیرہ اور سیب آڑو خوبانی اور دیگر فصلوں کو تقویت ملے گی تاہم بارش شروع ہوتے ہی بجلی کی آنکھ مچھولی شروع ہو گئی اور گیس مکمل طور پر غائب ہونے سے شہریوں کے مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے ۔
نوکنڈی، مشکیچاہ، ریکودک ،گھٹ آمری سمیت مضافاتی علاقوں میں موسلا دھار بارش سے علاقہ پانی سے جل تھل ہو گیاکیچڑ ہونے سے راہگیروں کو آنے جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑی، شہر میں بارش کے شروع ہوتے ہی بجلی کی فراہمی معطل رہی جس سے گھریلو صارفین برقی سہولیات سے محروم رہے تاہم کہیں سے جانی مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
جمعے کو دالبندین میں بارشوں کا سلسلہ دوپہر کو شروع جو کئی گھنٹوں تک جاری رہی جس کے باعث دالبندین بازار میں جگہ جگہ بارش کا پانی جمع ہونے پر سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگے جس نے نکاسی آب کے ناقص نظام کا پول بھی کھول دیا. بارشوں کے باعث دالبندین کے مرکزی علاقوں کی گلیوں میں بھی پانی جمع ہوگیا جس کی وجہ سے جگہ جگہ کیچڑ پھیل گیا۔
تربت میں جمعہ کی صبح سے وقفے وقفے سے بارش جاری رہا جس سے موسم میں کافی حد تک خنکی اور ٹھنڈک پائی گئی ، گزشتہ ہفتے کیچ میں شدید بارشوں کے سبب کیچ کور اور مقامی ندی نالوں میں سیلابی کیفیت کے باعث کئی علاقوں میں حفاظتی بندا ت میں شگاف سے شہریوں میں خوف پیدا ہوا تھا تاہم کسی نقصان کی اطلاع نہیں آئی ۔
جمعہ کے روز دوسرے سلسلے میں شروع ہونے والی بارشوں کے بارے میں محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 4مارچ تک بادلوں کا سلسلہ اسی طرح رہے گا جس سے ایک بار پھرمکران کے متعدد علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے ۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتہ بارشوں کے بعد کیچ کور میں پانی آنے سے میرانی ڈیم میں پانی کی سطح 240لیول تک پہنچ گیا تھا اگر مزید بارشیں ہوئیں تو میرانی ڈیم کا لیول 244 تک پہنچ سکتا ہے ۔
تربت ڈپٹی کمشنر کیچ سراج کریم نے کہا ہے کہ تربت شہر سمیت ضلع کیچ میں دو دن تک تیز بارشوں کے اطلاعات ہیں ایمر جنسی کی صورت میں انتظامیہ کو مطلع کی جائے عوام کیچ کور ،نہنگ گیشکور،تک ہوشاپ،ڈڈھے سمیت دیگر ندیوں میں جانے سے گریز کریں۔
پچھلے 24گھنٹوں کے دوران خضدار میں چار اور بارکھان میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے سب سے زیادہ برفباری زیارت شہر اور کواس زندرہ میں6 انچ ریکارڈ کی گئی جبکہ مزید بھی برفباری کا سلسلہ جاری رہے گا کم سے کم درجہ حرارت زیار ت میں منفی 3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر خانوزئی سے نمائندے کے مطابق خانوزئی شہر میں بارش اور ملحقہ علاقوں میں8انچ برفباری ریکارڈ کی گئی برفباری کے باعث خانوزئی سمیت دیگر ملحقہ علاقوں میں سڑکوں پر پھسلن کے واقعات کے باعث 8افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیامحکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ آئندہ 24گھنٹوں تک جاری رہے گا ۔