|

وقتِ اشاعت :   March 4 – 2019

اوستہ محمد: جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل وسینیٹرمولاناعبدالغفور حیدری نے کہاہے کہ ملک حالت جنگ میں اور حکومت کو نوبل انعام کی پڑی ہے ، کیا سنجیدہ حکومتیں اس طرح مسائل کو لیتی ہے جیسے یہ حکومت کررہی ہے، قوم کو مہنگائی و بے روزگاری نے نڈھال کردیا ہے ۔

پی ٹی آئی کو پاکستان کی اسلامی شناخت کو ختم کرنے کیلئے اقتدار دیا گیا ، اسلامی دفعات کی چوکیداری کا کردار ادا کرتے رہینگے ، چاہتے ہے کہ ملک ایک اسلامی فلاحی ریاست بنے ۔ان خیالات کا اظہار جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ حکومت کے وزرا واراکین کس خوشی میں نوبل انعام کیلئے قرارداد جمع کررہے ہیں۔

ملک حالت جنگ میں ہے جبکہ حکومت کو نوبل انعام کی پڑی ہوئی ہے کوئی بھی سنجیدہ حکومت ایسے بچگانہ حرکتیں نہیں کرتی جس طرح اس حکومت میں جاری ہے انہوں نے کہا کہ نااہل لوگوں کا ٹولہ ملک پہ مسلط ہے ۔

اللہ پاک پاکستان کی حفاظت فرمائے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جاری طوفانی بارشوں سے تباہی آئی ہے اور اکثر علاقے زیر آب آگئے ہے وفاقی حکومت کو چائیے فی الفور بلوچستان کے تمام اضلاع کو آفت زدہ قرار دے کر وفاقی حکومت سے پیکج کا اعلان کیا جائے۔