تربت: یونیورسٹی آف تربت کے نویں فنانس ایند پلاننگ کمیٹی کا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرعبدالرزاق صابر کی زیر صدارت کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وی تربت یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرعبدالرزاق صابر نے کہا کہ بہترمالیاتی نظم وضبط، مثالی تعلیمی سرگرمیوں ،گڈگورننس اور بہتر منصوبہ بندی کی وجہ سے تربت یونیورسٹی نے نہایت کم عرصے میں کئی اہم کامیابیاں حاصل کرکے ملک کی تیزی سے ابھرتی ہوئی بہترین یونیورسٹیوں میں نمایاں مقام حاصل کیاہے۔ وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ ادارہ اس ریجن میں اعلی تعلیم کے فروغ کے لئے مالیاتی معاملات میں شفافیت کو ہرقیمت پر برقرار رکھے گی۔
اجلاس میں مختلف تعلیمی اور ترقیاتی منصوبوں کی منظوری کے علاؤہ یونیورسٹی کی رواں مالی سال کی نظر ثانی شدہ بجٹ تخمینہ برائے سال 2018۔19 اور اگلے مالی سال کی بجٹ تخمینہ برائے سال 2019۔20 کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ دیگر مختلف مالیاتی معاملات اور منصوبوں کی منطوری دینے کے علاؤہ پنجگور میں تربت یونیورسٹی کا کیمپس قائم کرنے کی بھی سفارش کی گئی۔
تربت یونیورسٹی کے گوادر کیمپس کی دو سالہ کارکردگی کے بارے میں اجلاس کے شرکاء4 کو آگاہ کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا گوادر کیمپس کو اب مکمل یونیورسٹی کا درجہ مل چکا ہے۔
اس سے پہلے تربت یونیورسٹی کے ڈائریکٹر فنانس رحمت بلوچ نے اجلاس کے ایجنڈا آئٹمز کے علاؤہ تربت یونیورسٹی کی مالیاتی صورتحال کے بارے میں اجلاس کو بریفنگ دی۔اجلاس میں تربت یونیورسٹی کے رجسٹرار غلام فاروق بلوچ، ڈائریکٹر کیو ای سی پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، لسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچرواٹر اینڈ میرین سائنسز کے پروفیسر ڈاکٹر منظور احمد، ڈین ریسرچ ڈاکٹر ریاض احمد، اسسٹنٹ پروفیسر عبدالقیوم بلوچ اور انجینیر کمال محسن نے شرکت کی۔
تربت یونیورسٹی نے کم عرصے میں اہم کامیابیاں حاصل کیں ہیں، پروفیسر رزاق صابر
وقتِ اشاعت : March 4 – 2019