|

وقتِ اشاعت :   March 9 – 2019

کوئٹہ:  میجر (ر)بشیر احمد نے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے کا چارج سنبھالنے کے فوری بعد اسپیشل مجسٹریٹ جاوید کرداور فوڈ اتھارٹی کے عملے کے ہمراہ کوئٹہ شہر کے مختلف فوڈ پوائنٹس ، ہوٹلوں اور اشیاء خوردنوش کی دکانوں کااچانک معائنہ کیا ۔

جہاں انہوں نے دکانداروں اور مالکان کو صفائی بہتربنانے کم وزن اور گراں فروشی سے گریز کرنے اور معیاری اشیاء خوردونوش فروخت کرنے کی ہدایت کی اور انہیں انتباہ کیا کہ وہ کھانے پینے کی ناقص اور غیر معیاری اشیاء کی خرید وفروخت سے اجتناب کریں بصورت دیگر ایسے عمل میں ملوث پائے جانے والوں کو جرمانے اور قید کی سزادی جائے گی ۔

انہوں نے کہاکہ ہوٹلوں ودکانوں میں حفظان صحت کے اصولوں کے برعکس فروخت کی جانے والی اشیاء کو تلف کرکے ملوث افراد کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی اور اس حوالے سے کسی کے ساتھ کسی بھی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی ۔

علاوہ ازیں ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے شہر کے مختلف مقامات کازئی ،سبزل روڈ اور اسپنی روڈ میں گندے پانی سے کاشت ہونے والی قطعات کا بھی دورہ کیا اور گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انکی فوری روک تھام کیلئے ہدایت جاری کیں۔

انہوں نے کہاکہ بلو چستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے معائنے کا عمل مسلسل جاری رہے گا لہذا دکاندار ومالکان اور گندے پانی سے سبزیوں کی کاشت کرنے والے حضرات حفظان صحت کے اصولوں کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔