|

وقتِ اشاعت :   March 18 – 2019

کوئٹہ: گوادر میں جوڈیشل لاکپ توڑ کر مختلف وارداتوں میں ملوث 10 قیدی فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق اتوار کو گوادر کے جوڈیشل لاک اپ میں بند قیدیوں نے شور مچایا کہ ان کا پیٹ خراب ہے۔ جب محافظ ان کے پاس گئے اور تالا کھولا تو قیدیوں نے اس سے اسلحہ چھین کر فائرنگ کر دی جس سے عبدالستار نامی پولیس محافظ زخمی ہو گیا ۔موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 10 قیدی عبدالوحید ، طفیل ، شعیب ، نیاز ، ندیم ، رفیق ، صدام ، جنید اور عقیل فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔

ملزمان نے زخمی اور ایک دوسرے پولیس اہلکار کا اسلحہ بھی چھین لیا۔ فرار ہونے والے قیدی منشیات فروشی قتل ، ڈکیتی کے الزامات میں ملوث تھے اور وہ ریمانڈ پر تھے ،علاوہ ازیں اسسٹنٹ کمشنر گوادر کیپٹن باز خان مری نے لیویز فورس کے ہمراہ ڈگری کالج گوادر کے قریب ناکہ بندی کے دوران دو فرار ملزمان کو گرفتار کر لیا گرفتار ہونے والوں میں ریاض ولد مولا مخش اور صدام ولد باہوٹ شامل ہیں مزید گرفتاریاں متوقع ہے ۔